کیلیفورنیا: گھر میں پارٹی کے دوران فائرنگ سے 4 افراد ہلاک، 6 زخمی

18 نومبر 2019
پولیس کے مطابق 10 افراد پر فائرنگ کی گئی جن میں سے 3 موقع پر ہی ہلاک ہوگئے — فوٹو: اے پی
پولیس کے مطابق 10 افراد پر فائرنگ کی گئی جن میں سے 3 موقع پر ہی ہلاک ہوگئے — فوٹو: اے پی

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر فریسنو میں گھر میں جاری پارٹی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق فریسنو پولیس لیفٹیننٹ بل ڈولے نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ شام 6 بجے شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں پیش آیا جہاں لوگ فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

ڈپٹی چیف پولیس مائیکل ریڈ نے فریسنو بی اور کے ایس ای ای/ کے جی پی ای ٹی وی اسٹیشنز کو بتایا کہ گھر کے پچھلے حصے میں جاری پارٹی میں مجموعی طور پر 10 افراد پر فائرنگ کی گئی جن میں سے 3 موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ چوتھا شخص ہسپتال میں جان کی بازی ہار گیا جبکہ دیگر 6 افراد زخمی ہیں اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں: کیلیفورنیا: ہائی اسکول میں فائرنگ سے 2 طلبہ ہلاک، 3 زخمی

مائیکل ریڈ نے کہا کہ فائرنگ سے متاثر ہونے والے تمام افراد ایشیائی تھے جن کی عمریں 25 سے 35 برس کے درمیان تھیں۔

پولیس لیفٹیننٹ بل ڈولے نے کہا کہ ہم اتنا جانتے ہیں کہ گھر کے پچھلے حصے میں ایک تقریب جاری تھی جس میں گھر والے اور دوست شریک تھے، ہر کوئی فٹ بال دیکھ رہا تھا نامعلوم مشتبہ افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرین کو تشویش ناک حالت میں کمیونٹی ریجنل میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جن میں سے کچھ کی حالت اب سنبھل گئی ہے۔

مائیکل ریڈ نے کہا کہ نے جب فائرنگ شروع ہوئی اس وقت 35 کے قریب افراد موجود تھے، شکر ہے کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا اور کیا متاثرین حملہ کرنے والے فرد/ افراد کو جانتے تھے؟ اس حوالے سے فوری طور پر کچھ علم نہیں ہوسکا۔

علاوہ ازیں پولیس مشتبہ ملزمان کا پتہ لگانے کے لیے سی سی ٹی وی ویڈیو تلاش کرنے کے لیے گھر گھر جارہے ہیں، فائرنگ کا واقعہ شہر کے ایئرپورٹ سے آدھا میل کے فاصلے پر پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیلیفورنیا میں ہیلوین پارٹی کے دوران فائرنگ، 3 افراد ہلاک

خیال رہے کہ فریسنو کے جنوب مشرقی علاقے میں یہ فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے گزشتہ صبح شہر کے دوسرے حصے میں ایک شخص کو گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

تاہم ان دونوں واقعات میں کوئی تعلق ہے یا نہیں اس حوالے سے پولیس نے کچھ نہیں بتایا۔

قبل ازیں 15 نومبر کو کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں واقع ہائی اسکول میں ایک طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 طلبہ ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والا طالب علم بھی اگلے دن ہسپتال میں دم تور گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں