بلوچستان: مکران کوسٹل ہائی وے پر بس کو حادثہ، 9 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2019
بس کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جا گری — فوٹو: اسماعیل ساسولی
بس کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جا گری — فوٹو: اسماعیل ساسولی

صوبہ بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 29 افراد زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلا جمیل بلوچ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس اورماڑہ سے کراچی جارہی تھی جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 38 افراد سوار تھے۔

جمیل بلوچ نے بتایا کہ اورماڑہ سے کراچی جانے والی بس کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جا گری۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مکران کوسٹل ہائی وے پر 14 مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کردیا گیا

انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی لیویز نے پاک فوج، پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہمراہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلا نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو اورماڑہ میں پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ منتقل کیا گیا۔

جمیل بلوچ نے بتایا کہ حادثے سے متعلق مزید معلومات جمع کی جارہی ہیں، حادثے میں متاثر ہونے والے افراد کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: 2 ٹریفک حادثوں میں 13 افراد جاں بحق، 35 زخمی

اس سے قبل اکتوبر میں بلوچستان کے ضلع حب اور خضدار میں ٹریفک حادثے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے تھے۔

حب میں مسافر بردار کوچ تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے تھے۔

مسافر کوچ پسنی سے کراچی جارہی تھی کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب الٹ گئی تھی۔

اس سے قبل رواں برس اپریل میں کوئٹہ مکران کوسٹل ہائی وے کے قریب مسلح افراد نے 14 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں