لندن برج پر چاقو سے حملہ، پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2019
لندن برج کو پولیس نے گھیرے میں لے کر بند کردیا ہے — فوٹو: اے پی
لندن برج کو پولیس نے گھیرے میں لے کر بند کردیا ہے — فوٹو: اے پی

لندن برج پر چاقو بردار شخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس نے حملہ آور کو بھی فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے اسے دہشت گردی کا حملہ قرار دیا جبکہ حملہ آور نے جعلی خودکش جیکٹ بھی پہن رکھی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے دن 2 بجے سے قبل لندن برج کے نزدیک لوگوں پر چاقو سے وار کیے جس پر قریب کھڑے افراد نے اسے دبوچ لیا اور اس کا چاقو چھین لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پولیس نے حملہ آور کو دبوچنے والے ایک شخص کو ہٹایا اور چاقو بردار شخص پر دو فائر کیے جس کے بعد حملہ آور نے حرکت کرنا بند کردی۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جونسن نے بہادری دکھانے اور اپنی جان پر کھیلتے ہوئے دیگر افراد کی جان بچانے اور حملہ آور کو قابو کرنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہی لوگ ہمارے ملک کی بہترین تصویر پیش کرتے ہیں اور میں پورے ملک کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'اس ملک کو کبھی جھکایا، توڑا اور اس طرح کے حملوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا'۔

مزید پڑھیں: لندن: ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد، مشتبہ شخص گرفتار

برطانیہ کے انسداد دہشت گردی کے اعلیٰ عہدیدار نیل باسو نے تصدیق کی کہ پولیس نے مشتبہ شخص کو گولی ماری جو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'واقعے کے دوران متعدد افراد زخمی ہوئے، ہمارے ماننا ہے کہ مشتبہ شخص کے جسم پر لگی ڈیوائس دھوکا دینے کے لیے لگائی گئی تھی'۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا گیا کہ پُل پر پولیس کی متعدد گاڑیاں اور بسیں موجود تھیں جبکہ ٹرک سے پل کو بند کیا گیا تھا۔

ٹوئٹر پر پھیلی 14 سیکنڈ کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ 3 پولیس اہلکار زمین پر لیٹے شخص کو چھڑا رہے تھے جبکہ 2 افسران نے ایک شخص پر بندوق تان رکھی تھی جسے ہلکی پھلکی حرکت کرتے بھی دیکھا جاسکتا تھا۔

لندن پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 'پولیس کو دن 1 بجکر 58 منٹ پر لندن برج پر ایک شخص کی جانب سے چاقو کے وار سے لوگوں کو زخمی کرنے کی اطلاع ملی تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایک شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، ہمارا ماننا ہے کہ متعدد افراد واقعے میں زخمی ہوئے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: لندن: ہیلی کاپٹر حادثے میں 2 افراد ہلاک

عینی شاہدین نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ پولیس فائرنگ کی آواز سننے کے فوراً بعد جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔

پولیس ترجمان نے اس سے قبل کہا تھا کہ ایک شخص کو گولی لگی ہے جبکہ اسکائی نیوز کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔

شہر کی ایمبولینس سروس نے واقعے کو علاقے میں ہونے والا 'بڑا سانحہ' قرار دیا۔

بعد ازاں لندن برج کو خالی کرا کر عوام کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ جون 2017 میں بھی لندن برج پر 3 مسلح افراد نے عوام پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے بعد انہوں نے اس کے قریبی علاقوں میں لوگوں پر حملے بھی کیے تھے جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں