یورپی ملک میں نایاب سفید گینڈے کی پیدائش

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2019
جنوبی سفید گینڈے کی پیدائش 25 نومبر کو ہوئی—اسکرین شاٹ یوٹیوب اے ایف پی
جنوبی سفید گینڈے کی پیدائش 25 نومبر کو ہوئی—اسکرین شاٹ یوٹیوب اے ایف پی

دنیا میں انتہائی کم تعداد میں رہنے والے جانوروں میں سے ایک جنوبی سفید گینڈے کے ہاں یورپی ملک بیلجیم میں مادہ بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

جنوبی سفید گینڈوں کو نایاب نسلوں میں شمار کیا جاتا ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں مذکورہ نسل کے گینڈوں کی تعداد محض 1800 کے قریب ہے۔

جنوبی سفید گینڈوں کے علاوہ ان کی ہی نسل سے تعلق رکھنے والے شمالی سفید گینڈے اب دنیا سے ختم ہونے والے ہیں۔

شمالی سفید گینڈوں کا دنیا میں ایک بھی نر گینڈا موجود نہیں ہے، اس نسل کی واحد 2 مادہ گینڈے زندہ ہیں اور ماہرین مادہ گینڈوں کو مصنوعی طریقے سے حاملہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے واحد نر سفید گینڈے کو مار دیا گیا

شمالی سفید گینڈے کے دنیا میں بچ جانے والے واحد نر گینڈے کو گزشتہ برس مارچ میں افریقی ملک کینیا کے ایک فارم میں متعدد بیماریوں اور زائد العمری کے باعث موت کی نیند سلادیا گیا تھا۔

شمالی سفید گینڈوں کے بچ جانے والے واحد نر گینڈے کو 45 سال کی عمر میں موت کا انجکشن دے کر مارا گیا تھا، کیوں کہ وہ عمر کے آخری حصے میں کھڑے ہونے کے قابل بھی نہیں رہا تھا۔

گزشتہ برس شمالی سفید گینڈوں کے واحد نر گینڈے کو موت کی نیند سلایا گیا تھا—فوٹو: اے پی
گزشتہ برس شمالی سفید گینڈوں کے واحد نر گینڈے کو موت کی نیند سلایا گیا تھا—فوٹو: اے پی

سائنسدانوں نے نر گینڈے کو موت کی نیند سلانے سے قبل ان کے اسپرم کو محفوظ کرلیا تھا، تاکہ ان کے اسپرم بچ جانے والی 2 مادہ گینڈوں میں داخل کرکے مصنوعی طریقے سے شمالی سفید گینڈوں کی افزائش کی جاسکے۔

شمالی سفید گینڈوں کی طرح جنوبی سفید گینڈوں کو بھی دنیا کے نایاب جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم جنوبی گینڈوں کے متعدد نر اور مادہ گینڈے متحرک ہیں اور ان کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوتی رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بیلجیم کے ’زو‘میں مدیبا نامی مادہ گینڈے نے گزشتہ ماہ 25 نومبر کو بچے کو جنم دیا تھا اور اب چڑیا گھر انتظامیہ نے دونوں ماں اور بچے کی ویڈیو اور تصاویر جاری کردی ہیں۔

شمالی سفید گینڈوں کی بچ جانے والی آخری 2 مادائیں—فوٹو: اے ایف پی
شمالی سفید گینڈوں کی بچ جانے والی آخری 2 مادائیں—فوٹو: اے ایف پی

چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں مادہ گینڈے کو اپنے بچے کے ساتھ خوش دیکھا جا سکتاہے۔

حالیہ بچے کی پیدائش سے قبل بھی مذکورہ جنوبی سفید مادہ گینڈے نے 2016 میں ایک بچے کو جنم دیا تھا۔

بیلجیم چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ان کے ہاں ایک اور مادہ گینڈا رواں ماہ کے آخر تک بچے کو جنم دے گی۔

سفید گینڈوں کی پیدائش سے ماہرین انتہائی خوش ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ آنے والے وقت میں اس نسل کے گینڈوں کی پیدائش میں مزید اضافہ ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں