کمزور سے بہادر بننے والی خوبرو چینی لڑکی ’مولان‘

06 دسمبر 2019
فلم کو آئندہ برس مارچ میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو آئندہ برس مارچ میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

آنے والی ہولی وڈ کی لائیو ایکشن فلم ’مولان‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جسے دیکھتے ہی لوگ دنگ رہ گئے۔

تقریبا ڈھائی منٹ دورانیے کے ٹریلر میں چینی اداکارہ لیو یفائے کی ابتدائی زندگی سمیت ان کی جانب سے خاندان اور اپنی ریاست کی حفاظت کے لیے جنگجو کا روپ دھارنے کو بھی دکھایا گیا ہے۔

’مولان‘ فلم دراصل 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مولان‘ کا ریمیک ہے اور یہ فلم چین کی جنگجو خاتون کی بہادری کے گرد گھومتی ہے۔

ڈزنی اسٹوڈیو نے فلم بنانے کا اعلان 2016 میں کیا تھا، تاہم ڈزنی اسٹوڈیو کو فلم کی ہیروئن ڈھونڈنے میں سخت مشکلات درپیش آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پانچ براعظموں میں تلاش کے بعد ہولی وڈ فلم کی ہیروئن مل گئی

ڈزنی اسٹوڈیو نے ہیروئن کو دنیا کے پانچ بر اعظموں اور ایک ہزار لڑکیوں کے اوڈیشن کے بعد چینی اداکارہ لیو یفائے کو مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا تھا۔

ٹریلر دیکھ کر شائقین نے اداکارہ کی تعریف کی—اسکرین شاٹ
ٹریلر دیکھ کر شائقین نے اداکارہ کی تعریف کی—اسکرین شاٹ

مولان‘ لائیو ایکشن کی ہدایات نکی کیرو نے دی ہیں جب کہ اس کی کہانی رک جفا، امنڈا سلور، ایلزبیتھ مارٹن اور لارین ہارنک کی لکھی گئی تاریخی نظم سے لی گئی ہے۔

فلم کی کہانی ’مولان‘ نامی چینی جنگجو لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو چین کی حقیقی جنگجو خاتون تھیں۔

فلم کی کہانی پانچویں صدی میں چین کی مارشل آرٹ کی ماہر اور جنگجو خاتون ’ہوا مولان‘ کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے 25 سال تک مختلف جنگیں لڑیں۔

ہوا مولان سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ چینی مارشل آرٹ کے مختلف اسٹائل کی ماہر تھیں۔

مزید پڑھیں: چینی جنگجو لڑکی ’مولان‘ کی تلوار بازی دیکھ کر دنیا دنگ

فلم کے ٹریلر میں چینی اداکارہ لیو یفائے کو چینی جنگجو لڑکی کے کردار میں ڈھلتے ہوئے اور دشمنوں کو تلواروں سے زیر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ہوا مولان کی گھر میں ہی ایسی تربیت کی جاتی ہے کہ وہ جوان ہوکر جنگجو بن جاتی ہیں اور حریفوں کو سبق سکھاتی ہیں۔

ٹریلر میں مولان کی ابتدائی زندگی بھی دکھائی گئی ہے—اسکرین شاٹ
ٹریلر میں مولان کی ابتدائی زندگی بھی دکھائی گئی ہے—اسکرین شاٹ

ٹریلر میں ان کے خاندان پر مشکل وقت بھی دکھایا گیا ہے جب کہ ’مولان‘ کی ابتدائی زندگی کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔

فلم کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ شائقین کو قدیم چین کی ثقافت اور جنگ کو بہترین انداز میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ٹریلر کے ساتھ ہی اس بات کی بھی تصدیق کردی گئی کہ فلم کو آئندہ برس مارچ میں ریلیز کیا جائے گا، اس سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو رواں سال کے اختتام تک ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں