عابد علی کے ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری، مزید 2 اعزازات حاصل کرلیے

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2019
عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے پاکستان کے 12ویں کھلاڑی ہیں۔فوٹو اے ایف پی
عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے پاکستان کے 12ویں کھلاڑی ہیں۔فوٹو اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز عابد علی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا شان دار آغاز کرتے ہوئے منفرد ورلڈ ریکارڈ بنانے کے بعد مزید ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بلے باز عابد علی سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری کی بدولت ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے عابد علی نے رواں سال ون ڈے کرکٹ میں موقع ملنے پر آسٹریلیا جیسے مضبوط حریف کے خلاف اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری، عابد علی کا نیا عالمی ریکارڈ

قومی ٹیم کے بلے باز نے اب مزید 2 منفرد اعزاز اپنے نام کرلیے ہیں، وہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری کرکے اپنے ابتدائی 2 میچوں میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔

دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے عابد علی سے قبل یہ اعزاز بھارتی ٹیسٹ کرکٹر اور سابق کپتان اظہرالدین، سارو گنگولی، آسٹریلیا کے سابق بلے باز کے ڈی والٹرز، آسٹریلیا کے ہی ڈبلیو ایچ پونزفورڈ، ویسٹ انڈین کھلاڑی ایلون کالی چرن، آسٹریلوی بلے باز گریگ بیلویٹ، بھارتی اوپنر روہت شرما اور کیوی کھلاڑی جمی نیشام بھی حاصل کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی کپتان اظہرالدین دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنے ابتدائی 3 ٹیسٹ میچوں میں لگاتار سنچریاں بنائی تھیں۔

اس کے علاوہ عابد علی نے اپنے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں 321 رنز بناکر مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

اس سے قبل جاوید میانداد نے اپنے ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں 319 رنز بنائے تھے۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً ڈیڑھ سو سالہ تاریخ اور ون ڈے کرکٹ کی 48 سالہ تاریخ میں کوئی بھی بلے باز دونوں فارمیٹ میں ڈیبیو پر سنچری کرنے کا عالمی ریکارڈ نہیں بنا سکا۔

عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے پاکستان کے 12ویں کھلاڑی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اپنے اولین میچ میں سنچری کرنے والے پہلے بلے باز خالد عباداللہ تھے جنہوں نے 166 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ جاوید میانداد، سلیم ملک، محمد وسیم، علی نقوی، اظہر محمود، یونس خان، توفیق عمر، یاسر حمید(دونوں اننگز میں سنچری)، فواد عالم اور عمر اکمل بھی ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں