پاکستان میں سونے کی قیمت میں 2600 روپے فی تولہ اضافہ

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2020
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

ایران امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور سونے کی فی تولہ قیمتیں 2600 روپے سے زائد کے اضافے کے ساتھ 93 ہزار 400 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عراق میں امریکی کارروائی کے دوران ایران کے میجر جنرل سمیت 9 افراد کی ہلاکت کے بعد مشرق وسطیٰ میں حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا ایران تنازع: عالمی سطح پر تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ

اس غیریقینی صورتحال میں جہاں دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹ پر منفی اثر پڑا وہیں تیل اور سونے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پیر کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 15 ہزار 78 ڈالر پر پہنچنے کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 93 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔

دن میں ایک موقع پر سونے کی قیمتیں 5ماہ کی بلند ترین سطح 15 ہزار 87 ڈالر تک پہنچ گئیں تاہم دن کے اختتام پر قیمتوں میں نسبتاً استحکام دیکھنے کو ملا اور پیر کو دن کے اختتام پر فی اونس قیمت 15ہزار 78 ڈالر رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں 'ڈونلڈ ٹرمپ کے سر کی قیمت 8 کروڑ ڈالر مقرر'

عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافے کا اثر مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے کو ملا اور مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 26 سو روپے اضافہ ہوا جس کے بعد پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 93 ہزار 400 روپے تک پہنچ گئی۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر ہارون رشید چاند نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے اور قیمت 1600ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ہے۔

انہوں نے سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب کبھی بھی دنیا میں بحرانی حالات ہوتے ہیں تو لوگ سونے کو سب سے محفوظ تصور کرتے ہیں اس میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں جس سے قیمت میں اضافہ ہوتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں