پاکستان کا بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2020
یہ میزائل 290 کلومیٹر تک مختلف اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے — فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
یہ میزائل 290 کلومیٹر تک مختلف اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے — فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

پاکستان نے اپنے دفاع کو مضبوط بناتے ہوئے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ کر کے دفاعی صلاحیت میں اضافہ کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ میزائل 290کلومیٹر تک مختلف اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا زمین سے زمین تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ون کا کامیاب تجربہ

تربیتی مشق کے طور پر کیے گئے میزائل تجربے کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی دن اور رات میں آپریشن تیاریوں کو آزمانا تھا۔

بیان کے مطابق یہ تجربہ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور انجینئرز کی موجودگی میں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا بیلسٹک میزائل 'نصر' کا کامیاب تجربہ

ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے اسلحے کے نظام کو چلانے میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

انہوں نے مضبوط اسٹریٹجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک فورسز کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

صدر ملکت، وزیر اعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔

تبصرے (0) بند ہیں