منجریکر نے کوہلی کی قیادت کا عمران خان سے موازنہ کردیا

اپ ڈیٹ 03 فروری 2020
سنجے منجریکر نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا عمران خان سے موازنہ کیا— فوٹو: اے ایف پی
سنجے منجریکر نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا عمران خان سے موازنہ کیا— فوٹو: اے ایف پی

سابق بھارتی کرکٹر اور مشہور مبصر سنجے منجریکر نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم آل راؤنڈر عمران خان سے موازنہ کردیا۔

بھارتی ٹیم ویرات کوہلی کی زیر قیادت بہترین کھیل پیش کر رہی ہے اور حال ہی میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں 0-5 سے کلین سوئپ کیا اور یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کو ایک اور شکست، بھارت کا ٹی20 سیریز میں 0-5 سے کلین سوئپ

شاندار کارکردگی پر دنیا بھر کے سابق کرکٹرز بھارتی ٹیم کو داد و تحسین سے نواز رہے ہیں لیکن سابق کرکٹر سنجے منجریکر اپنی ٹیم کی کارکردگی سے اس حد تک خوش ہیں کہ انہوں نے کوہلی کا موازنہ پاکستان کے سابق عظیم کپتان عمران خان سے کردیا۔

سنجے منجریکر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ویرات کوہلی کے انداز قیادت کا عمران خان سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم میں بے پناہ اعتماد نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عمران خان کی زیر قیادت جیتنے کے مختلف طریقے ڈھونڈے اور اکثر ہارتے ہوئے میچز میں فتح حاصل کی، یہ اسی وقت ممکن ہے جب ٹیم میں بے پناہ یقین ہو۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، فواد عالم جگہ بنانے میں کامیاب

بھارتی ٹیم ایک عرصے سے کوہلی کی زیر قیادت تینوں فارمیٹس میں بہترین کھیل پیش کر رہی ہے اور اس وقت بھارتی ٹیم ٹیسٹ میں 120پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں بھی بھارتی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور 265 پوائنٹس کے ساتھ ٹی20 کی عالمی درجہ بندی میں انگلینڈ اور بھارت بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں