مہوش حیات پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم نہیں کریں گی

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020
اداکار نے یہ اعلان ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا — فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے یہ اعلان ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا — فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کی افتتاحی تقریب رواں سال 20 فروری کو کراچی میں منعقد ہونے جارہی ہے جس میں کرکٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات بھی شریک ہوں گی اور پرفارم کریں گی۔

اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی دنوں سے یہ خبریں بھی سامنے آرہی تھیں کہ تمغہ امیتاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات بھی پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرتی نظر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: تیار ہیں گانے والوں کی بھی اتنی ہی تعریف کی جائے، علی ظفر

ان خبروں کے سامنے آنے کے بعد مداح کافی پُرجوش بھی تھے کیوں کہ مہوش حیات کا شمار صرف ایک بہترین اداکارہ کے طور پر نہیں کیا جاتا بلکہ وہ شاندار ڈانسر بھی ہیں۔

تاہم اب بری خبر یہ ہے کہ اداکارہ اس افتتاحی تقریب میں اسٹیج پر کسی قسم کی پرفارمنس کرتی نظر نہیں آئیں گی۔

مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ 'بدقسمتی سے اس سال پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب میں، میں نہ تو گلوکاری کروں گی اور نہ ہی پرفارم کرتی نظر آؤں گی'۔

اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں کے پیار کا شکریہ ادا کیا جبکہ پی ایس ایل سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ بھی دیا۔

البتہ مہوش حیات نے اپنی ٹوئٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اس سال پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا حصہ بنیں گی بھی یا نہیں۔

خیال رہے کہ 'پی ایس ایل 5' رواں سال 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں