اس تصویر کی حقیقت دنگ کردے گی

15 فروری 2020
— فوٹو بشکریہ متسوبشی
— فوٹو بشکریہ متسوبشی

دیکھنے میں یہ بالکل عام تصویر نظر آتی ہے جس میں کسی جگہ کی دیوار، کھڑکیاں یا روشن دان اور لائٹس نظر آرہی ہیں، مگر کیا آپ یقین کریں گے کہ ان میں سے ایک وہ نہیں جو نظر آرہی ہے؟

درحقیقت اس تصویر میں کچھ ایسا چھپا ہوا ہے جو ذہن کو دنگ کردیتا ہے کیونکہ کوئی بھی اسے دیکھ کر تسلیم نہیں کرسکتا کہ یہ چیز واقعی وہ ہے جو بتائی جارہی ہے۔

اگر یقین نہیں آتا تو جان لیں اس میں جو کھڑکیاں یا روشن دان نظر آرہے ہیں، وہ درحقیقت ایل ای ڈی اسکائی لائٹس ہیں۔

جی ہاں واقعی یہ کھڑکیاں نہیں بلکہ ایسی لائٹس ہیں جو دن کی روشنی فراہم کرتی ہیں۔

ان کو جاپانی کمپنی متسوبشی نے تیار کیا ہے اور بڑی ایل ای ڈی اسکرین کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ عام کھڑکیاں یا روشن دان ہیں جن میں سے سورج کی روشنی باہر سے اندر آرہی ہے۔

عام طور پر ایل ای ڈی روشنیاں ہر سمت میں پھیلتی ہیں مگر سورج کی روشنی کا رخ ایک جانب ہوتا ہے۔

اس مقصد کے لیے کمپنی نے ایسے پینلز استعمال کیے جو کسی بھی لمحے میں صرف 3 اطراف میں روشنی کو پھیلاتے ہیں اور ایک سایہ پیدا ہوتا ہے بالکل ایسے جیسے سورج کی روشنی میں سایہ نظر آتا ہے۔

اس فریم میں جو نیلا رنگ نظر آرہا ہے وہ کوئی سادہ نیلا رنگ نہیں بلکہ پینل میں ایک مخصوص لائٹ فلر کو استعمال کرکے یہ تاثر پیدا کیا گیا جس سے لگتا ہے کہ یہ آسمان کی نیلی رنگت ہے۔

مزید براں یہ رنگ دن بھر بدلتا رہتا ہے اور سورج طلوع اور غروب ہونے سمیت دوپہر کے وقت مختلف لائٹنگ فراہم کرتا ہے، جس کو صارف خود بھی شیڈول کرسکتا ہے یا خودکار آپشن کا انتخاب کرسکتا ہے۔

تاہم اگر آپ اسے گھر کے لیے خریدنے کے خواہش مند ہیں تو جان لیں کہ انہیں دفاتر، ہسپتالوں یا کمرشل مقامات کے لیے تیار کیا گیا ہے اور ان کو خریدنا جیب پر کافی بھاری ثابت ہوگا۔

مینوئل لائٹس کی قیمت 6 ہزار 200 ڈالرز (ساڑھے 9 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوتی ہے جبکہ آٹومیٹک کے لیے 6 ہزار 800 ڈالرز (10 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

اگر آپ اتنی رقم خرچ کرنے کے لیے تیار ہیں تو یہ روشنیاں اکتوبر 2020 میں صارفین کے لیے دستیاب ہوں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں