میانمار کے مذہبی و تاریخی مقام پر نازیبا ویڈیو بنانے پر ہنگامہ

اپ ڈیٹ 14 فروری 2020
اٹلی کے جوڑے نے باگان شہر میں ویڈیو بنائی —فائل فوٹو: اے پی
اٹلی کے جوڑے نے باگان شہر میں ویڈیو بنائی —فائل فوٹو: اے پی

جنوبی مشرقی ملک میانمار کے مذہبی اور تاریخی مقام پر یورپی جوڑے کی جانب سے نازیبا ویڈیو ریکارڈ کرکے اسے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے پر میانمار کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اٹلی کے 23 سالہ جوڑے نے میانمار کے تاریخی شہر باگان کے ’پگوڈا‘ کے مقام پر فحش ویڈیو ریکارڈ کرکے اسے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا تھا۔

اٹلی کے جوڑے کی جانب سے بنائی گئی تقریبا 12 منٹ دورانیے کی ویڈیو کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے پر میانمار کے عوام نے غم و غصے کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی کے جوڑے نے نویں سے 13 ویں صدی کے درمیان تعمیر کیے گئے بدھ مت کے مندروں کے قریب ویڈیو بنائی اور ویڈیو میں مندر بھی دکھائی دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اہرام مصر کی چوٹی پر برہنہ ویڈیو اور تصاویر بنانے پر تنازع

ویڈیو کو اپ لوڈ کرنے کے بعد 13 فروری تک اسے ڈھائی لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا تھا جب کہ ڈھائی ہزار افراد نے مذکورہ ویڈیو کو ناپسند اور 5 ہزار سے زائد افراد نے اسے پسند بھی کیا تھا۔

ویڈیو کو دیکھنے والے میانمار کے عوام نے سوشل میڈیا پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے اٹلی کے جوڑے کے فحش عمل کی مذمت کی اور کہا کہ یورپی جوڑے نے ان کے مذہبی مقام کی توہین کی ہے۔

میانمار کا شہر باگان عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
میانمار کا شہر باگان عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

تاریخی اور مذہبی مقام پر اٹلی کے جوڑے کی جانب سے فحش ویڈیو بنائے جانے کے بعد میانمار کے عوام نے مذکورہ مقام پر سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر بھی احتجاج کیا اور حکام سے مطالبہ کیا کہ ’پگوڈا‘ کے مندروں کے گرد سیکیوٹی بڑھائی جائے۔

اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جس جوڑے نے باگان کے پگوڈا کے مقام پر فحش ویڈیو بناکر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی، وہی جوڑا پہلے بھی اہم مقامات پر متنازع ویڈیوز بناکر اپ لوڈ کر چکا ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل: ’دیوار گریہ‘ کے سامنے برہنہ ماڈلنگ پر تنازع

ویب سائٹ انتظامیہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ 11 ماہ قبل ہی اٹلی کے جوڑے نے ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنایا تھا اور انتہائی کم عرصے میں ان کے 80 ہزار سے زائد سبسکرائبر بن چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اٹلی کے جوڑے نے جس مقام ’پگوڈا‘ پر فحش ویڈیو بنائی وہاں درجنوں بدھ مت کے مندر موجود ہیں جن سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ نویں سے 13 ویں صدی کے درمیان تعمیر کیے گئے تھے۔

بدھ مت مذہب کے یہ خصوصی مندر میانمار کے شہر باگان میں موجود ہیں جسے گزشتہ برس اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’یونائٹڈ نیشنز ایجوکیشنل، سائنٹفک اینڈ کلچرل آرگنائیزیشن‘ (یونیسکو) نے عالمی تاریخی ورثہ بھی قرار دیا تھا۔

میانمار کا پورا شہر باگان تاریخی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں