مانچسٹر سٹی کی 2 سیزن تک چیمپیئنز لیگ میں شرکت پر پابندی

اپ ڈیٹ 18 فروری 2020
مانچسٹر سٹی کی ٹیم اس وقت انگلش پریمیئر لیگ کی چیمپیئن ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
مانچسٹر سٹی کی ٹیم اس وقت انگلش پریمیئر لیگ کی چیمپیئن ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسپانسرشپ کے معاملات میں قانون کی خلاف ورزی اور تفتیش کاروں سے تعاون نہ کرنے پر انگلش پریمیئر لیگ کی چیمپیئن مانچسٹر سٹی کی چیمپیئنز لیگ میں شرکت پر 2 سیزن کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یوئیفا کے مطابق تفتیش سے ثابت ہوا کہ مانچسٹر سٹی نے کلب لائسنس کے ساتھ ساتھ مالیاتی معاملات میں بھی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی۔

مزید پڑھیں: مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

مانچسٹر سٹی پر یہ الزام ثابت ہوا کہ انہوں نے 2012 سے 2016 کے سیزن کے دوران اپنے اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والے ریونیو کو حاصل شدہ آمدن سے زائد ظاہر کیا اور پھر کلب نے اس سلسلے میں کی گئی تحقیقات میں بھی تعاون نہیں کی۔

اس پابندی کے سبب مانچسٹر سٹی کی ٹیم 23-2022 کے سیزن تک چیمپیئنز لیگ میں شرکت نہیں کر سکے گی۔

اس وقت چیمپیئنز لیگ میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں ریال میڈرڈ کا مقابلہ کرے گی اور اگر وہ اس سال چیمپیئن بننے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو بھی وہ پابندی کے سب اگلے سال اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کر سکیں گے۔

مانچسٹر سٹی پر دو سال کی پابندی کے ساتھ ساتھ یوئیفا کی جانب سے 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ یوئیفا کے زیر اہتمام کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'مانچسٹر یونائیٹڈ کی خریداری'، سعودی ولی عہد نے تردید کردی

پابندی کے باعث مانچسٹر سٹی کو نئے کھلاڑیوں کو سائن کرنے کے ساتھ ساتھ چند سپر اسٹارز کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ کوچ پیپ گارڈیولا کے معاہدے کی توسیع میں بھی انہیں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

ادھر مانچسٹر سٹی نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے خامیوں سے بھرپور قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ فیصلہ یوئیفا نے شروع کیا، یوئیفا نے ہی تفتیش کی اور یوئیفا نے فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم شفاف فیصلے اور غیرجانبدار تحقیقات کے لیے کھیلوں کی عالمی عدالت سے رابطہ کریں گے تاکہ انصاف حاصل کر سکیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Numan Alam Feb 17, 2020 09:46pm
Manchester city are the depending champion English premier League this not the way to treat the one the beggest club in the world it also affect citys players like a S Augaro ,k bruyne ,R sterling etc the need a champion league trophy