پاکستان سپر لیگ کیلئے 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان

اپ ڈیٹ 20 فروری 2020
پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچوں میں 15کروڑ سے زائد کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچوں میں 15کروڑ سے زائد کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ2020 کے لیے 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا ہے اور ایونٹ کی فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لیے انعامی رقم کی مالیت کا اعلان کردیا گیا ہے اور لیگ کے دوران مجموعی طور پر 10لاکھ ڈالرز (15کروڑ روپے سے زائد) کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے

ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ امریکی ڈالرز کے ساتھ ساتھ رنر اپ کو بھی دو لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا اور ایونٹ میں کھیلے جانے والے 34 میچز میں ہر میچ کے مین آف دی میچ کو ساڑھے 4 ہزار امریکی ڈالرز کا انعام دیا جائے گا۔

ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ جیتنے والوں میں 80 ہزار ڈالر کی رقم برابری کی بنیاد پر تقسیم کی جائے گی۔

باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔

34 میچز پر مشتمل 32 روز تک منعقد ہونے والا ایونٹ پاکستان سپر لیگ ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔

12 سال قبل 3 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیموں پر مشتمل ایونٹ لاہور اور کراچی میں کھیلا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی، جہانگیر خان نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرافی لائیں گے

پاکستان اس سے قبل 1987 اور 1996 کے ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔

ورلڈ کپ 1987 میں پاکستان نے 7 مختلف مقامات پر 10 میچوں کی میزبانی کی تھی جبکہ 1996 میں 6 مختلف مقامات پر 16میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ملک کے 4 مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا اور ایونٹ کے 9 میچز کراچی، 14 لاہور، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Arshad Feb 18, 2020 08:06pm
Plz send news update