ایشیائی ترقیاتی بینک نے سال 2019 میں پاکستان کو 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کا ریکارڈ قرض دیا

اپ ڈیٹ 22 فروری 2020
اے ڈی بی نے پالیسی پر مبنی قرض میں ایک ارب 80 کروڑ ڈالر جاری کیے —فائل فوٹو: اے ایف پی
اے ڈی بی نے پالیسی پر مبنی قرض میں ایک ارب 80 کروڑ ڈالر جاری کیے —فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے سال 2019 میں مجموعی طور پر پاکستان کو ترقی کیلئے معاونت میں 2 ارب 40 کروڑ ڈالر (3 کھرب 70 ارب روپے سے زائد) کی ریکارڈ رقم فراہم کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس رقم میں سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر پروگرام کے قرض اور 63 کروڑ 43 لاکھ ڈالر منصوبوں کے قرض کے سسلسلے میں فراہم کیے گئے۔

سالانہ تجزیے کی دستاویز کے مطابق اے ڈی بی نے پالیسی پر مبنی قرض میں ایک ارب 80 کروڑ ڈالر جاری کیے جس میں ایک ارب ڈالر فوری بجٹ سپورٹ کے لیے دیے گئے تاکہ ملک کی سرکاری مالیات میں اضافہ کیا جائے جبکہ 50 کروڑ ڈالر تجارتی مسابقت بہتر بنانے کے لیے دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کردیا

علاوہ ازیں بینک کی جانب سے حکومت کے غربت مٹاؤ پروگرام ’احساس‘ کے حصے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اعانت کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی اضافی رقم فراہم کی گئی۔

اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سسٹم کے ساتھ جدید توانائی اور موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے 2019 میں سندھ کے لیے 23 کروڑ 50 لاکھ روپے کا قرض منظور کیا۔

مزید یہ کہ اے ڈی پی نے سندھ میں ثانوی تعلیم کے فروغ کے لیے7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔

اس کے ساتھ منظوری سے قبل خیبرپختونخوا میں شہروں کی بہتری اور پنجاب میں آبی وسائل، منصوبوں کی تیاری مستحکم کرنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2019 میں ایک کروڑ 73 لاکھ ڈالر منظور کیے۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 2.7ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان

زراعت میں اے ڈی بی نے 2 کروڑ 10ڈالر کے اضافی قرضوں کے استعمال سے ٹریمو اور پنج ناد بیراجوں اور اسلام بیراج کے دائرہ کار میں بڑی تبدیلی کی منظوری دی اور 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے جلال پور آب پاشی منصوبے پر کام کا آغاز کیا۔

اس کے ساتھ ترقیاتی بینک نے پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی زراعت اور مارکیٹنگ کے فروغ، مارکیٹ ڈیولپمنٹ اور خرم تنگی واٹر ریسورسز ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کی تیاری کے لیے 51 لاکھ ڈالر کی گرانٹ منظور کی۔

توانائی کے شعبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2 ارب 20کروڑ ڈالر کے جاری پورٹ فولیو کے ساتھ اپنی موجودگی برقرار رکھی جو توانائی کی پیداوار، ترسیل، تقسیم، توانائی کی صلاحیت، توانائی کی تجدید اور تجزیاتی آلات اور مشاورتی معاونت کا احاطہ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر قرض معاہدے پر دستخط

سال 2019 میں اے ڈی بی نے 30کروڑ ڈالر کے پالیسی پر مبنی قرض کا وعدہ کیا جو پاکستان کو مالی استحکام، گورننس اور توانائی انفرااسٹرکچر کی پالیسی رکاوٹیں دور کرنے میں مدد دے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں