پی ایس ایل 5: لاہور قلندرز کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ

اپ ڈیٹ 27 فروری 2020
لاہور قلندرز اب تک پی ایس ایل 5 میں کوئی میچ نہیں جیت سکی—تصویز: ٹوئٹر
لاہور قلندرز اب تک پی ایس ایل 5 میں کوئی میچ نہیں جیت سکی—تصویز: ٹوئٹر

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کامیابی سے جاری ہے تاہم جہاں لاہور قلندرز کی ٹیم اب تک کوئی کامیابی نہیں سمیٹ سکی وہی اسے ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسلام آباد اور لاہور قلندرز کے میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر قلندرز پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

اس حوالے سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ایس ایل 2020 کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ وقت سے 2 اوورز کم کیے، جس پر فائنل الیون میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ جرمانہ پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق برائے کھلاڑی اور کھیل اسٹاف کی شق 2.22 کے تحت لگایا گیا۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ قوانین کے مطابق اگر اگلے کسی میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم کا سلو اوور ریٹ ہوا تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

لاہور کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے محمد حفیظ کے شاندار 98 رنز کی بدولت 182 رنز بنائے تھے اور اسلام آباد کو 20 اوورز میں جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جس کے بعد لاہور نے باؤلنگ کا آغاز بھی اچھے انداز میں کیا تھا اور 5 رنز پر ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کے دونوں اہم بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، تاہم اس کے بعد بننے والی پارٹنر شپ نے ٹیم کو سہارا دیا تھا۔

تاہم اس پارٹنرشپ کو توڑنے کے بعد لاہور ایک مرتبہ پھر میچ میں واپس آیا تھا اور شاہین شاہ آفریدی نے یونائیٹڈ کے 4 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی میچ جیتنے کی راہ ہموار کی لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلواسکے۔

لاہور قلندرز نے شاہین شاہ کی بہترین باؤلنگ کی بدولت اسلام آباد کے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا تھا لیکن آخری بلے باز محمد موسیٰ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 9 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

تبصرے (0) بند ہیں