سیمی اور ویوین رچرڈز کو کراچی پریس کلب کی اعزازی رکنیت دینے کا اعلان

04 مارچ 2020
ویوین رچرڈز اور ڈیرن سیمی دونوں کو کراچی پریس کلب کی اعزازی رکنیت دی جائے گی— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
ویوین رچرڈز اور ڈیرن سیمی دونوں کو کراچی پریس کلب کی اعزازی رکنیت دی جائے گی— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

کراچی پریس کلب نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے خدمات پر سابق ویسٹ انڈین کپتان اور پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی کے ساتھ ساتھ سر ویوین رچرڈز کو کلب کی اعزازی رکنیت دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں ہوا جو کلب کے صدر امتیاز خان فاران کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

دوران اجلاس پاکستان کرکٹ خصوصاً ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے خدمات پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور سابق عظیم ویسٹ انڈین بلے باز ویوین رچرڈز کو کلب کی اعزازی رکنیت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے خدمات پر حکومت پاکستان بھی ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا اعلان کر چکی ہے جو انہیں رواں سال 23مارچ کو منعقد ہونے والی تقریب میں دی جائے گی۔

اس کے علاوہ دنیا میں 400ٹیسٹ میچ لائیو کور کرنے والے پہلے صحافی اور نامور اسپورٹس جرنلسٹ قمر احمد کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پریس کلب کی لائف ممبرشپ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

ubaid ullah Mar 05, 2020 12:22pm
Please include Danny Morrison as well.