کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2020
محمد عامر نے اوپنر ذیشان اشرف کی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر نے اوپنر ذیشان اشرف کی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی

کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)20 کا 19 واں میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکا اور مسلسل بارش کے سبب دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ دیا گیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی ٹیم کو اننگز کی ابتدا میں ہی مشکلات سے دوچار کردیا۔

میچ کے 17 ویں اوور میں بارش کے باعث کھیل کو روک دیا گیا اور مسلسل تیز بارش کے باعث میچ کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

ملتان سلطانز کو پہلا نقصان 17 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب ذیشان اشرف پویلین لوٹ گئے۔

معین علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22گیندوں پر 29رنز بنائے لیکن 37کے مجموعی اسکور پر عامر یامین نے لگاتار دو گیندوں پر پہلے معین اور پھر اگلی ہی گیند پر رلی روسو کو گولڈن ڈک کا شکار بنایا۔

اس موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے روی بوپاری اور اپنے ہم منصب شان مسعود کو پویلین واپس لوٹا دیا۔

ابھی سلطانز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ عمر خان نے خوشدل شاہ کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی۔

میچ میں 16.5اوورز کا کھیل مکمل ہوا ہی تھا کہ بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پویلین کی راہ لی اس وقت ملتان سلطانز نے 6وکٹوں کے نقصان پر 102رنز بنائے تھے۔

شاہد آفریدی نے 3 چھکوں کی مدد سے35 رنز بنائے تھے اور سہیل تنویر 10 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے تھے تاہم وہ اپنی اننگز مکمل نہ کرپائے۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔

کراچی کنگز نے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور کیمرون ڈیلپورٹ کی جگہ مچل میک کلینیگن کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔

ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے روی بوپارہ اور شاہد آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ملتان سلطانز: شان مسعود(کپتان)، ذیشان اشرف، معین علی، رلی روسو، خوشدل شاہ، روی بوپارہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، شرجیل خان، بابر اعظم، ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، افتخار احمد، عامر یامین، کرس جورڈن، مچل میک کلینیگن، محمد عامر اور عمر خان

تبصرے (0) بند ہیں