پاکستان کے نامور ہدایت کار و پروڈیوسر شعیب منصور نے ایک نیا گانا جاری کیا ہے جس میں کوئی اور نہیں بلکہ ان کی پسندیدہ اداکارہ اور سپر اسٹار ماہرہ خان جلوہ گر ہوئی ہیں۔

اس گانے کا ٹائٹل ’دعا ریم‘ رکھا گیا ہے جس کا مطلب ہے ’دلہن کی دعا‘۔

گانے کی ویڈیو میں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت دلہن کے روپ میں دکھایا گیا ہے جن کی شادی کے لیے خواتین گانے کے ذریعے دعا کرتی نظر آئیں ہیں۔

گانا تقسیم ہند کے دور پر مبنی ہے جب ہندوستان میں علامہ اقبال کی نظم ’لب پہ آتی ہے دعا بن کے‘ کو بے حد پسند کیا جاتا تھا۔

’دعا ریم‘ میں دکھایا گیا کہ شادی کے موقع پر موجود خواتین ماہرہ خان کے لیے ایسی دعائیں کر رہی ہیں جن سے وہ اور ان کی والدہ ناخوش نظر آئیں۔

جہاں خواتین نے دعا کی کہ دلہن کو اتنی ہمت ملے کہ وہ اپنے شوہر کا برا رویہ برداشت کرسکے وہیں ماہرہ نے دعا کی کہ ان کا شوہر ایسا ہو جو ان سے بے حد محبت کرے۔

اس گانے کی ہدایات شعیب منصور نے دی ہیں جبکہ گلوکاری دامیہ فاروق نے کی ہے۔

ادھر ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اس گانے کی ویڈیو شیئر کی اور انہوں نے لکھا کہ ’شعیب صاحب نے کہا کہ یہ گانا انہوں نے میرے لیے بنایا ہے جبکہ میرا ماننا ہے کہ یہ گانا پاکستان میں موجود ہر عورت کے لیے ہے‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ ماہرہ خان اور شعیب منصور اس سے قبل بھی ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

شعیب منصور کی فلم ’بول‘ میں ماہرہ خان نے اہم کردار نبھایا تھا جبکہ فلم ’ورنہ‘ میں اداکارہ نے مرکزی کردار ادا کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں