کورونا وائرس: چین میں 70 ہزار سینما بند

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2020
چین میں 70 ہزار سینما بند کردیے گئے—فوٹو: اے پی
چین میں 70 ہزار سینما بند کردیے گئے—فوٹو: اے پی

دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والے ’کورونا وائرس‘ سے اس وقت تک سوا ایک لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 4 ہزار سے زائد ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے 16 مریضوں کی تصدیق کی جا چکی ہے جب کہ پاکستان میں حفاظتی انتظامات کے پیش نظر حکومت سرکاری محکموں کو بند کرنے جیسی تجاویز پر بھی غور کر رہی ہے۔

چین نے کورونا وائرس کے پیش نظر سال نو کے آغاز (جنوری کے پہلے ہفتے میں) سے ہی عوامی مقامات کو بند کرنے سمیت ٹرانسپورٹ کو بھی بند کردیا تھا اور ساتھ ہی کئی صوبوں میں سینما گھروں کو بھی بند کردیا گیا تھا۔

بزنس انسائیڈر کے مطابق ’کورونا وائرس‘ کے پیش نظر چین میں فلموں کی نمائش منسوخ کرکے 70 ہزار سینما گھروں کو بند کردیا گیا تھا جس وجہ سے ابتدائی 2 ماہ میں ہی چین کی فلم انڈسٹری کو 2 ارب امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 3 کھرب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق سال 2019 کے ابتدائی ڈھائی ماہ میں چین کی فلمی صنعت کی کمائی سوا 2 ارب ڈالر تھی تاہم 2020 میں اتنے ہی عرصے کے دوران فلمی صنعت کی کمائی زیادہ سے زیادہ 30 کروڑ ڈالر تک ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین میں تقریبا 70 ہزار سینما گھروں کی بندش کی وجہ سے فلموں کی نمائش بھی منسوخ کی گئی جس کے باعث فلم انڈسٹری کو ایک ارب 95 کروڑ امریکی ڈالر کا نقصان پہنچا۔

ہولی وڈ کو بھی اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا

دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے سینماؤں کو بندش کا سامنا ہے—پرومو فوٹو/ ونڈر وویمن
دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے سینماؤں کو بندش کا سامنا ہے—پرومو فوٹو/ ونڈر وویمن

کورونا وائرس کی وجہ سے ہولی وڈ کی فلموں کی نمائش و شوٹنگ بھی منسوخ کی گئی ہے جب کہ کئی موسیقاروں نے بھی اپنے میوزیکل شوز کو منسوخ کردیا ہے جس کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ ہولی وڈ انڈسٹری کو بھی اربوں ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی ریلیز سمیت دیگر فلموں کی نمائش بھی روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم انڈسٹری کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوگا۔

امریکا سمیت یورپ کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے اور وہاں پر تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مجمع پر پابندی لگانے جیسے اقدامات سے خیال کیا جا رہا ہے کہ ہولی وڈ انڈسٹری کو تاریخی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ’جیمز بانڈ‘ کی ریلیز مؤخر

تجزیہ کاروں کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سینما گھروں کی بندش، فلموں کی نمائش کو روکے جانے، فلموں کی شوٹنگ کو مؤخر کرنے اور میوزیکل شوز کو منسوخ کرنے فلم و شوبز انڈسٹری کو ریکارڈ نقصان ہوگا اور یہ نقصان 10 ارب ڈالر تک بھی جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر حال ہی میں جیمز بانڈ فلم کی ٹیم نے سیریز کی آنے والی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی نمائش کو نومبر 2020 تک مؤخر کردیا ہے، مذکورہ فلم کو آئندہ ماہ اپریل میں ریلیز کیا جانا تھا۔

کورونا کی وجہ سے جیمز بانڈ سیریز کی فلم کی نمائش بھی روک دی گئی—اسکرین شاٹ
کورونا کی وجہ سے جیمز بانڈ سیریز کی فلم کی نمائش بھی روک دی گئی—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں