وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے چینی بحران کی تحقیقاتی کمیٹی کو پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت کمیشن آف انکوائری کے اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اس حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ مذکورہ کمیٹی میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی انٹی کرپشن اور آئی بی کے سینئر نمائندوں کے علاوہ اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور ایف بی آر کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، آرمی ایکٹ میں ترامیم منظور

انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی بعض معاملات کی تحقیقات کے لیے مخصوص ٹیمیں بنانے کی مجاز ہوگی۔

علاوہ ازیں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس میں ہدایت کی کہ حقائق کو جلد از جلد منظر عام پر لانے کے عمل کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں وزیراعظم نے بھرتیوں کے حوالے سے جامع طریقہ وضع کرنے سے متعلق ہدایت کرتے ہوئے ملازمین کے یکساں پے اسکیل کے لیے اقدامات پر زور دیا۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ اجلاس کو کورونا وائرس کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید بتایا کہ ذوالفقار بخاری اور ظفر مرزا نے چین میں مقیم طلبا کے والدین سے ملاقات اور ان کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ای کامرس پالیسی کی منظوری

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی کا استعفیٰ منظور کرلیا، جو انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ضلع مہمند کے دور دراز علاقے کے لیے احساس کفالت پروگرام کا شروع کرنا قبائلی عوام کے لیے وزیراعظم کی محبت اور پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے ان کے عزم کا مظہر ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل ‘‘ڈیٹا فار پاکستان’’ کا اجرا غربت کے خاتمے اور جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاکر سماجی تحفظ کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے پنشن لینے والی 60 سال سے زائد عمر کی بیوہ خاتون کے لیے سرٹیفیکٹ دینے کی پابندی ختم کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی بلوں کے اجرا کے حوالے سے طریقہ کار کو مزید منظم کیا جائے گا تاکہ جہاں یہ بل مختلف تاریخوں پر وصول ہونے کے بجائے ایک مقررہ میعاد میں وصول ہوسکیں اور ان کی ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے تاکہ مقرر شدہ بینکوں کے علاوہ دیگر طریقوں جیساکہ ایزی پیسہ کی سہولت وغیرہ سے بھی ان کی ادائیگی ممکن ہو۔

اجلاس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ہسپتالوں میں موجود ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں کی جانب سے برینڈڈ ادویات تجویز کرنے کے معاملے پر بھی غور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس ضمن میں طریقہ کار مرتب کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں ضروری تمام جنیرک ادویات موجود ہوں اور جنیرک ادویات کی عدم موجودگی میں ہی برینڈڈ ادویات تجویز کی جائیں۔

فردو عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 4 مارچ 2020 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آئندہ اجلاس میں توانائی سے متعلقہ معاملات پر کابینہ اراکین کو تفصیلی بریف کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے سے جڑے تمام مسائل کی ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں جنہوں نے عوامی مفادات کو پس پشت ڈال کر نہ صرف انتظامی اصلاحات کو نظر انداز کیا بلکہ مہنگے معاہدوں کے ذریعے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا۔

سرجیکل ماسک کی برآمد پر پابندی

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر غور کرتے ہوئے چند ایسی اشیا جن میں خاص لباس، گاﺅن، گلووز، فیس شیلڈز اور سرجیکل ماسک کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی تنظیم نو کے حوالے سے ڈاکٹر عشرت حسین کمیٹی کی تیسری رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کی گئی جس میں 46 اداروں کی نجکاری کی تجویز پیش کی گئی ہے، ان میں 16 اداروں کی مکمل طور نجکاری جبکہ دیگر 30 اداروں کی نجکاری یا سرمایہ پاکستان کو منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی جانب سے مختلف وزارتوں کے چار محکموں کو صوبوں کے حوالے کرنے کی سفارش، چار محکموں کو ختم کرنے کی تجویز اور چار مختلف وزارتوں کے پانچ شعبوں کی مختلف وزارتوں میں انضمام کی سفارش کی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے 15 مختلف وزارتوں کے 42 محکموں کو ایگزیکٹو محکمہ جات قرار دینے کی سفارش جبکہ 17 وزارتوں کے 117 اداروں کو خود مختار بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔

ڈاکٹر عشرت حسین کمیٹی کی تجاویز اور سفارشات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات منظور کر لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں