صدر مملکت عارف علوی چین کا دو روزہ دورہ کریں گے، دفترخارجہ

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2020
صدر مملکت کے ہمرا وفاقی وزرا بھی چین جائیں گے—فائل/فوٹو:اے پی
صدر مملکت کے ہمرا وفاقی وزرا بھی چین جائیں گے—فائل/فوٹو:اے پی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی چینی ہم منصب شی جن پنگ کی دعوت پر 16 مارچ اور 17 مارچ کو چین کا دو روزہ دورہ کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر صدر مملکت کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی چین جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اپنے دورے میں چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور اس دوران کئی شعبوں پر مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:’وزیرِاعظم عمران خان کا دورہ چین، پاکستان کے لیے مثبت رہا‘

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘چینی حکام اور عوام کی کووڈ-19 کے پھیلاؤ سے نمٹنے اور محدود کرنے کی کوشش کے بعد صدر مملکت کا یہ پہلا دورہ ہے جس کا واحد مقصد چینی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کے تعاون اور یک جہتی کا اظہار ہے’۔

مزید کہا گیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے تاریخی تعلق اور تعاون کو مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کی قیادت کو باہمی تعلقات، خطے اور بین الاقوامی معاملات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ چین میں گزشتہ برس دسمبر میں شروع ہونے والے کورونا وائرس کے بعد کئی دنوں تک پاکستان اور چین کے درمیان فضائی رابطہ معطل کردیا گیا تھا تاہم چین میں کئی پاکستانی پھنسے ہوئے تھے جو بعد ازاں واپس آئے۔

چین نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے ووہان شہر کو لاک ڈاؤن کیا اور طبی سہولیات ریکارڈ وقت میں ممکن بنائیں اور اب چین میں کورونا وائرس کے کیسزکی تعداد میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:غربت،کرپشن کے خاتمے کیلئے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،وزیراعظم

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح کا یہ پہلا دورہ ہوگا جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وفاقی وزرا شامل ہوں گے۔

کورونا وائرس چین میں 19 دسمبر کو رپورٹ ہوا تھا اور عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو عالمی وبا قرار دیا، جس سے اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 افراد متاثر اور 5 ہزار 833 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

چین سمیت دنیا بھر میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے اب تک موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق 73 ہزار 968 افراد اس وائرس ے نجات حاصل کرچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں