ایوارڈز سے زیادہ اہم میرے لیے مداح ہیں، صبا قمر

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2020
پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر  فوٹو: فائل
پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر فوٹو: فائل

پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو موقع دیا کہ وہ ان سے چو چاہے پوچھ لیں، جس کے بعد اداکارہ کے کیریئر کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی سے متعلق کئی سوالات سامنے آئے۔

صبا قمر نے ’آسک صبا‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے مداحوں کے دلچسپ سوالات کے جوابات دیے۔

ایک صارف نے صبا قمر سے کسی پروجیکٹ کے سیٹ پر یادگار لمحہ شیئر کرنے کو کہا جو انہیں آج بھی یاد ہو۔

مزید پڑھیں: صبا قمر کی 'چیخ' کے بعد 'کملی'

اس پر اداکارہ نے بتایا کہ ’میں نے لاہور کے قریب ایک علاقے میں ایک پروجیکٹ کیا تھا، پورا دن وہیں شوٹنگ کی، تب میں نے مٹی سے بنے ایک گھر میں ایک خوبصورت خاتون کو دیکھا، اس کمرے میں نہ تو پنکھا تھا اور نہ ہی بجلی، تب مجھے احساس ہوا کہ ہم کتنے خوش قسمت ہیں اور ہمیں ہمیشہ اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنا چاہیے‘۔

ایوارڈ شوز کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر صبا قمر کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ایوارڈز سے زیادہ اہم ان کے مداح ہیں۔

ایک مداح نے صبا قمر کے کامیاب ڈرامے ’چیخ‘ پر ایوارڈ نہ ملنے کے حوالے سے ان کا ردعمل مانگا تو اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ لوگوں کے ہوتے ہوئے ایوارڈ کی کیا ضرورت ہے؟‘

اس دوران صبا قمر نے اپنے آنے والے پروجیکٹس پر بھی بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی فلم 'کملی' کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے اور اب میں جلد اپنی اگلی فلم 'گھبرانا نہیں ہے' کی شوٹنگ کا آغاز کروں گی، جس کے بعد ایک ویب سیریز ہے جو 'ذی 5' پر ریلیز ہوگی، فی الحال کوئی ڈراما سائن نہیں کیا۔

صبا قمر کے مطابق ان کا ایک ڈراما ’من جوگی‘ ایک یا دو ماہ میں ٹیلی ویژن پر نشر کردیا جائے گا۔

ایک مداح نے صبا قمر سے دوبارہ بولی وڈ فلموں میں کام کرنے کا سوال کیا جس پر اداکارہ نے ’بولی وڈ سے پوچھیں‘ کا جواب دے دیا۔

خیال رہے کہ صبا قمر نے 2017 کی کامیاب بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں مرکزی کردار نبھایا تھا۔

اس فلم میں انہوں نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا، جبکہ ان کی پرفارمنس کو بہت زیادہ سراہا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سید جبران اداکارہ صبا قمر کے ساتھ فلم ڈیبیو کرنے کو تیار

صبا قمر نے حال ہی میں شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے والے سجل اور احد کو بھی مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ دونوں ایک دوسرے کے لیے بنے ہیں، میری دعائیں اور پیار ان کے ساتھ ہے‘۔

اس موقع پر صبا قمر نے صنم سعید کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ایک مداح نے ان سے ڈپریشن میں مبتلا افراد کو کوئی مشورہ دینے کو کہا تو صبا نے لکھا کہ ’میں ہمیشہ مثبت رہنے کی کوشش کرتی ہوں، کتابیں پڑھتی ہوں، ورزش کرتی ہوں اور وہ کھاتی ہوں جو صحت کے لیے اچھا ہو، تو میری زندگی میں ڈپریشن کی کوئی جگہ نہیں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں