’قرنطینہ کے دوران لگا جیسے مجھے کورونا ہوگیا ہے‘

14 اپريل 2020
ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی حال ہی میں امریکا سے پاکستان واپس آئے، ، فوٹو: انسٹاگرام
ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی حال ہی میں امریکا سے پاکستان واپس آئے، ، فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید گزشتہ 25 روز سے سماجی فاصلہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کو ویڈیو کال کے ذریعے انٹرویو دیا اور اس سماجی تنہائی سے اپنی زندگی پر پڑنے والے اثر پر بات کی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے خود کو قرنطینہ کرلیا

ثمینہ پیزادہ نے سب کچھ واپس پہلے جیسا پوجانے پر جب ہمایوں سعید سے ان کی رائے پوچھی تو اداکار کا کہنا تھا کہ ’اب میری عادات شاید تبدیل نہ ہوں، میں نے گزشتہ 25 دنوں میں کسی سے ہاتھ تک نہیں ملایا‘۔

خیال رہے کہ اداکار ہمایوں سعید گزشتہ ماہ امریکا سے واپس آئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو 14 روز کے لیے قرنطینہ کرلیا تھا۔

اس حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں امریکا میں اپنے ڈرامے میرے پاس تم ہو، کے لیے رکھے گئے چند شوز کے لیے موجود تھا، جب ہم جارہے تھے تب کورونا اتنا پھیلا نہیں تھا، اس کے باوجود ہم ماسک، دستانے سب کچھ لے کر گئے، میں عدنان صدیقی اور حرا مانی کے ہمراہ امریکا گیا تھا‘۔

ہمایوں سعید کا مزید کہنا تھا کہ ’پہلے میں سمجھا تھا ہمارے شوز منسوخ ہوجائیں گے، کیوں کہ لوگ ہی نہیں آئیں گے تاہم لوگ آئے اور شوز بھی ہوئے‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے بتایا کہ ’واپس آکر میں اور عدنان ایک ہوٹل میں رکے، ہم نے کورونا کے ٹیسٹ کروائے، میں ڈاکٹرز کو پریشان کرتا رہتا تھا کہ وہ مجھے ان ٹیسٹ کے نتائج کب بتائیں گے، مجھے ایسا بھی لگا کہ کہیں میرے ٹیسٹ کے غلط نتائج نہ آجائیں، میں اس وقت بےحد خوفزدہ تھا جب میرا کورونا کا ٹیسٹ ہوا‘۔

ہمایوں کے مطابق ’قرنطینہ کے دوران جب میں کھانستا یا مجھے چھینک آتی تو میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں اتنا خوفزدہ ہوجاؤں گا، اس وقت مجھے لگا کہ میں واقعی کورونا کا شکار ہوگیا ہوں، جب میں نے عدنان کو یہ بات بتائیں تو اس نے کہا مجھ سے دور رہو، شکر ہے مجھے کچھ ہوا نہیں‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکا سے واپس آکر عدنان صدیقی کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارا اور ان کی دوستی اور بھی زیادہ گہری ہوگئی۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ’ہم بالکل بھی بیزار نہیں ہوئے، ہم مزید دن اس ہوٹل میں ایک ساتھ رہ سکتے تھے، وہ مجھے اپنے والد کے بارے میں بتاتا رہتا تھا اور میں اپنے بچپن کی کہانیاں سناتا رہتا تھا‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

یاد رہے کہ ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے ’میرے پاس تم ہو‘ ڈرامے میں اکٹھے کام کیا۔

یہ ڈراما پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کا کامیاب ڈراما ثابت ہوا۔

اس ڈرامے کی کامیاب کے بعد ہمایوں سعید، حرا مانی اور عدنان صدیقی اس ڈرامے کی کامیابی پر رکھے شوز کا حصہ بننے امریکا گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آگئے

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور آج گلگت بلتستان میں مزید 9 کیسز رپورٹ ہونے سے ملک میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 716 جبکہ اموات 96 ہوگئیں۔

دنیا بھر میں ساڑھے 20 لاکھ لوگوں کو متاثر اور ایک لاکھ 14 ہزار کے قریب اموات کا سبب بنے والے اس مہلک وائرس کا پاکستان میں اپریل کے ماہ سے مزید تیز ہوگیا ہے۔

یکم اپریل سے اب تک نہ صرف ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد دوگنا بڑھی بلکہ اموات میں بھی روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

گزشتہ روز بھی ملک میں کورونا متاثرین کی تصدیق ہوئی اور سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا بلوچستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں مزید نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں