بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2020
گزشتہ برس فلم ساز راہول راویل نے بتایا تھا کہ رشی کپور نے کینسر کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
گزشتہ برس فلم ساز راہول راویل نے بتایا تھا کہ رشی کپور نے کینسر کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

معروف بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں زندگی کی بازی ہارگئے۔

رشی کپور کے گھرانے نے ان کی موت کی خبر مداحوں سے شیئر کرنے کے لیے ایک بیان بھی جاری کیا۔

بیان میں لکھا گیا کہ ’ہمارے پیارے رشی کپور لیوکمیا سے 2 سال تک لڑنے کے بعد آج صبح 8 بج کر 45 منٹ پر ہسپتال میں سکون سے اس دنیا سے رخصت ہوگئے، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کے مطابق رشی کپور نے آخری لمحے تک انہیں محظوظ کیا‘۔

مذکورہ بیان کے مطابق رشی کپور دوران علاج بھی نہایت پرجوش اور خوش رہا کرتے تھے اور وہ اپنی زندگی بھرپور جینے میں یقین رکھتے تھے، اس دوران جو بھی ان سے ملا وہ یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ رشی کپور اس بیماری کے باوجود ہمیشہ پرعزم رہے۔

اہل خانہ کے مطابق ’رشی چاہتے تھے کہ اس دنیا سے گزر جانے کے بعد بھی مداح انہیں آنسو بہا کر نہیں مسکرا کر یاد کریں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایسے وقت میں ہمیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ دنیا بہت مشکل دور سے گزر رہی ہے، اس وقت نقل و حرکت اور بڑے اجتماعات پر پابندی عائد ہے، ہم مداحوں سے اور خاندان کے دوستوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس وقت قوانین کا احترام کریں‘۔

ادھر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2018 میں رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں جس کے علاج کے لیے وہ امریکا گئے تھے تاہم اس وقت انہوں نے اپنی بیماری کی تصدیق نہیں کی تھی۔

بعدازاں جنوری 2019 میں ان کے بھائی رندھیر کپور نے ان کے امریکا میں زیر علاج ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم بیماری کے حوالے سے اس وقت بھی نہیں بتایا گیا تھا۔

تاہم ٹھیک ایک سال قبل اپریل میں فلم ساز راہول راویل نے بتایا تھا کہ رشی کپور کینسر کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسری موت ہے جس نے بھارتی سنیما انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا، محض ایک روز قبل ہی اداکار عرفان خان ممبئی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے، انہیں بھی کینسر کا مرض لاحق تھا۔

دوسری جانب رشی کپور کی وفات پر لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’وہ چلا گیا، رشی کپور چلا گیا، میں ٹوٹ گیا ہوں‘ تاہم بعد میں انہوں نے اپنا یہ پیغام ڈیلیٹ کردیا۔

فلم اسٹار رجنی کانت نے رشی کپور کی موت پر لکھا کہ ’دل ٹوٹ گیا، سکون میں رہو میرے عزیز دوست رشی کپور‘۔

اداکار اکشے کمار کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ہم کوئی بھیانک خواب دیکھ رہے ہیں، ابھی رشی کپور کے انتقال کی خبر سنی، وہ بہترین اسٹار اور ایک اچھے دوست تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے چندن واڑی شمشان گھاٹ میں رشی کپور کی آخری رسومات ادا کردیں گئی۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ ان کی آخری رسومات میں صرف 19 افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی ان میں رنبیر کپور، نیتو کپور، ریما جین، منوج جین، ارمان جین، انیسا جین، راجیو کپور، رندھیر کپور، سیف علی خان، کرینہ کپور، ومل پاریک، نتاشا نندن، ابھیشیک بچن، ترنگ، عالیہ بھٹ، ایان مکھرجی، جےرام، راہول راویل اور روہت دھون شامل ہیں۔

رشی کپور کی بیٹی ردھیما کپور ان کی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوسکیں، انہیں لاک ڈاؤن کے دوران دہلی سے ممبئی آنے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بحیثیت ہیرو رشی کپور اپنی رومانوی اداکاری کے باعث جانے جاتے تھے، انہوں نے بوبی، امر اکبر اینتھونی، چاندنی۔ قلی، لیلیٰ مجنو، سرگم، بول رادھا بول اور متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔

حال ہی میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہولی وڈ فلم ’دی انٹرن‘ کی بولی وڈ ریمیک کا حصہ ہیں جس میں دپیکا پڈوکون بھی کام کررہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

rizwan ali soomro Apr 30, 2020 02:48pm
marna to aik din sab hi ko hai sirf baaki rehana wali Allah ki hai Allah sab muslims ko maut ka baad sukoon ata farmiye
عثمان ارشد ملک سڈنی May 01, 2020 11:36am
A V good actor, A confident and stylish guy of his era, Energetic and Excellent body language. That is what I know about Rishi Kapoor