’امید ہے آپ اپنے عامر لیاقت کو معاف کریں گے‘

اپ ڈیٹ 02 مئ 2020
عامر لیاقت حسین—فائل فوٹو: ٹوئٹر
عامر لیاقت حسین—فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کے نامور میزبان و سیاست دان عامر لیاقت کئی مرتبہ ایسے متنازع بیانات دے چکے ہیں جس کے باعث انہیں شدید تنقید کا بنایا گیا لیکن بعدازاں متعدد مرتبہ غلطی کا احساس ہونے پر انہوں نے اپنے بیان پر معافی بھی مانگ لی۔

اور ایسا ہی کچھ انہوں نے اس بار بھی کیا جب ان کے ایک نامناسب مذاق کے باعث انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

عامر لیاقت نے اپنے ٹی وی شو میں عدنان صدیقی کو مدعو کیا اور اس دوران آنجہانی بولی وڈ اداکارہ سری دیوی اور عرفان خان کے انتقال پر عدنان صدیقی سے نامناسب مذاق کیا۔

شو کے دوران عامر لیاقت نے عدنان صدیقی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ جس کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ مر جاتا ہے جبکہ عدنان صدیقی نے انہیں خاموش کرواتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ باتیں ان کے لیے مذاق نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عدنان صدیقی نے بھی ایک بیان میں واضح کیا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ عامر لیاقت کے شو کا حصہ بنے۔

اور اب عامر لیاقت نے خود اپنے اوپر ہونے والی تنقید کے حوالے سے ایک وضاحتی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی، جس میں انہوں نے عوام سے اپنے نامناسب مذاق پر معافی مانگ لی۔

اپنے وضاحتی بیان میں عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ ’کل کے شو میں کچھ ایسی باتیں ہو گئی تھی جو سبقت لسانی سے ہو گئی تھیں، سبقت لسانی کہتے ہیں جب آپ الفاظ پر قابو نہ رکھ پائیں'۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براہ راست شو میں ایسا ہوتا ہے، کوئی ایسی بڑی بات اس لحاظ سے نہیں تھی کہ میں اس پر فوری غور کرتا لیکن بعد میں نے غور کیا تو اندازہ ہوا کہ واقعی یہ غلط بات تھی، انسانیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، اس لیے میں معافی مانگتا ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پڑوسی ملک کے فنکار ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اسی کلپ میں آگے، میں نے ان کی محبت اور پیار کا ذکر بھی کیا ہے لیکن وہ لوگوں کو نہیں دکھایا گیا کیوں کہ دکھایا ہمیشہ وہ زخم جاتا ہے جس پر مکھی بیٹھتی ہے‘۔

عامر لیاقت کے مطابق ’میں بہت معذرت چاہتا ہوں اور ایک بات آپ بھی یاد رکھے گا کہ معافی مانگنے والا بڑا ہوتا ہے اگر کسی کو احساس ہوجائے تو دوسرے کو بھی چاہیے کہ وہ اسے سمجھے، یہ میرا ملک ہے یہ میرے لوگ ہیں، اگر میرے وطن کے لوگوں کو کوئی تکلیف پہنچی تو میں معذرت کرتا ہوں، مجھے امید ہے آپ اپنے عامر لیاقت کی معذرت قبول کریں گے اور مجھے معاف کریں گے‘۔

انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ’میں معافی چاہتا ہوں‘ لکھ کر ٹوئٹ بھی کی۔

مزید برآں عامر لیاقت کے مطابق وہ اپنے شو میں بھی اس حوالے سے بات کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں