’میرے پاس تم ہو‘ نے جو ریکارڈ 9 ماہ میں بنایا، ’ارطغرل‘ نے 3 ہفتوں میں توڑ دیا

اپ ڈیٹ 15 مئ 2020
ارطغرل غازی کی مقبولیت سے متاثر ہوکر میرے پاس تم ہو کی ٹیم نے ایسا ہی ڈراما بنانے کا اعلان بھی کردیا —اسکرین شاٹ
ارطغرل غازی کی مقبولیت سے متاثر ہوکر میرے پاس تم ہو کی ٹیم نے ایسا ہی ڈراما بنانے کا اعلان بھی کردیا —اسکرین شاٹ

اسلامی فتوحات پر مبنی ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ نے اگرچہ پاکستان میں نشر ہونے سے قبل ہی مقبولیت حاصل کرلی تھی تاہم اس ڈرامے کی مقبولیت نے اس وقت نئی حدود کو چھوا جب اسے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو میں ترجمہ کرکے نشر کیا جانے لگا۔

’دیریلیش ارطغرل‘ کو پی ٹی وی پر اردو میں ترجمہ کرنے کے بعد ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے یکم رمضان یعنی 25 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور 14 مئی تک اس ڈرامے کی 20 قسطیں نشر کی جا چکی تھیں۔

’ارطغرل غازی‘ کو پی ٹی وی پر پرائم ٹائم میں نشر کیا جاتا ہے اور ڈرامے کی ہر قسط نشر ہونے پر سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کے کرداروں اور کہانی پر پسندیدگی کا اظہار کیا جاتا ہے۔

گزشتہ 20 اقساط کے نشر ہونے کے دوران ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کے حوالے سے ٹوئٹر پر متعدد بار ٹرینڈز بھی سامنے آئے جب کہ اسی ڈرامے میں مکمل اسلامی لباس میں نظر آنے والے اداکاروں کی بولڈ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کچھ پاکستانی مداحوں کے دل بھی ٹوٹے مگر اس کے باوجود ڈرامے کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 'ارطغرل غازی' ترکی سے بھی زیادہ مقبول ہوگیا

اگرچہ ’ارطغرل غازی‘ نے اردو میں پہلی قسط نشر ہوتے ہی پاکستانیوں کے دل جیت لیے تھے تاہم اس ڈرامے نے پاکستان میں ابتدائی تین ہفتوں سے بھی کم وقت میں وہ اعزاز حاصل کیا جو اس سے قبل پاکستانی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ نے 8 ماہ میں حاصل کیا تھا۔

جی ہاں، ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی جانب سے 8 ماہ میں بنائے گئے ریکارڈ کو محض 20 دن میں توڑ دیا۔

’میرے پاس تم ہو‘ کی پہلی قسط کو 14 مئی کی رات 10 بجے تک یوٹیوب پر 2 کروڑ 79 لاکھ 620 بار دیکھا گیا تھا اور اس ڈرامے کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر 17 اگست 2019 کو اپ لوڈ کیا گیا تھا۔

یعنی میرے پاس تم ہو کو پہلی قسط کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کیے ہوئے تقریبا 9 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

’میرے پاس تم ہو‘ کو پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے کا اعزاز حاصل تھا اور اس ڈرامے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اس ڈرامے کی کہانی اور کرداروں پر بھی آئے دن سوشل میڈیا پر اس وقت تک باتیں چلتی رہتی تھیں جب تک جنوری 2020 میں ڈرامے کا اختتام نہیں ہوا تھا۔

ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر کے تحریر کردہ ڈرامے میرے پاس تم ہو کی ہدایات ندیم بیگ نے دی تھیں اور اسے نجی ٹی وی ‘اے آر وائے ڈیجیٹل’ پر نشر کیا گیا تھا۔

ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے تھے۔

اس کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو دوسرے شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات استوار کرتے ہوئے اور اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ڈرامے میں دکھایا گیا تھا کہ مہوش (عائزہ خان) ایک غریب گھرانے کی شادی شدہ خاتون ہوتی ہیں جو پیسوں کی لالچ میں اپنے شوہر (ہمایوں سعید) کو دھوکا دے کر ان سے طلاق لے کر امیر شخص 'شہوار' (عدنان صدیقی) سے تعلقات استوار کرکے ان سے شادی کرنے کی خواہش مند ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: ارطغرل غازی کی حلیمہ کو پاکستانیوں کا 'اخلاقیات' کا درس

دونوں کی شادی سے قبل ہی امیر شخص شہوار کی پہلی اہلیہ ماہم (سویرا ندیم) امریکا سے واپس آجاتی ہیں اور مہوش کو بے عزت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے امیر شوہر کو جیل بھجوا دیتی ہیں۔

تاہم اب اسلامی فتوحات پر مبنی ترکی کے ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ نے میرے پاس تم ہو کو مقبولیت میں پیچھے چھوڑتے ہوئے یوٹیوب پر نیا اعزاز حاصل کرلیا.

’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر 25 اپریل کو اپ لوڈ کیا گیا تھا اور اس کی پہلی قسط کو 14 مئی کی رات 10 بجے تک 2 کروڑ 22 لاکھ 62 ہزار 570 بار دیکھا جا چکا تھا.

’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کیے ہوئے تین ہفتے بھی مکمل نہیں ہوئے تاہم اسے یوٹیوب پر 2 کروڑ 22 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا جب کہ میرے پاس تم ہو کو تقریبا 9 ماہ میں 2 کروڑ 79 لاکھ بار دیکھا گیا.

اس حساب سے جہاں ’ارطغرل غازی‘ نے ’میرے پاس تم ہو‘ کو مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا، وہیں اس نے یوٹیوب پر پاکستان میں نیا ریکارڈ بھی بنا ڈالا.

یہی نہیں بلکہ ’ارطغرل غازی‘ کی ابتدائی 20 قسطوں کو مجموعی طور پر یوٹیوب پر 14 مئی کی رات 10 بجے تک تقریبا 15 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا.

’ارطغرل غازی‘ کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی پر پاکستان میں جو ردعمل ملا بیان نہیں کرسکتا'

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

اس ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

اس ڈرامے کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کے لیے پی ٹی وی نے (TRT Ertugrul by PTV) کے نام سے نیا چینل بھی بنایا، جسے 14 مئی تک 21 لاکھ سے زائد افراد نے سبسکرائب کرلیا تھا اور پی ٹی وی نے اسی یوٹیوب چینل کو ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والے چینل کے حوالے سے ایک مہم بھی شروع کر رکھی ہے.

پی ٹی وی کی خواہش ہے کہ اس یوٹیوب چینل کو ایک ماہ میں کم از کم 67 لاکھ افراد سبسکرائب کریں تاکہ وہ ایکا نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوں.

اس وقت یوٹیوب پر ایک ماہ میں سب سے زیادہ 66 لاکھ سبسکرائبر کا ریکارڈ ہے اور پی ٹی وی اس ریکارڈ کو توڑنا چاہتی ہے.

ڈرامے کے اداکاروں کو بھی سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
ڈرامے کے اداکاروں کو بھی سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

دوسری جانب ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ’میرے پاس تم ہو‘ کے ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر نے بھی اسی طرح کا پاکستانی ڈراما بنانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ ایک ایسے ڈرامے کے اسکرپٹ تیار کرنے پر کام کررہے ہیں جو ’ارطغرل غازی‘ جیسا ہوگا اور انہوں نے مذکورہ ڈرامے کے حوالے سے اداکار ہمایوں سعید سے بات بھی کرلی ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر کے انکشاف کے بعد ہمایوں سعید نے بھی تصدیق کی کہ وہ مل کر ایک تاریخی ڈراما بنانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا ڈراما ’ارطغرل غازی‘ کا ریمیک نہیں ہوگا بلکہ وہ ایک مختلف تاریخی ڈراما ہوگا۔

اداکاروں کی بولڈ تصاویر سامنے آنے پر کچھ پاکستانی مداح برہم بھی دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
اداکاروں کی بولڈ تصاویر سامنے آنے پر کچھ پاکستانی مداح برہم بھی دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

تبصرے (1) بند ہیں

حسن May 15, 2020 10:59am
کچھ بھی ہو پاکستانی ڈرامے ہی اچھے ہیں۔