'ارطغرل غازی' کا ریمیک نہیں، ایک تاریخی ڈراما بنارہے ہیں، ہمایوں سعید

اپ ڈیٹ 14 مئ 2020
اداکار نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ خود اس ڈرامے میں کیا کریں گے — فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ خود اس ڈرامے میں کیا کریں گے — فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور مصنف و ہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ 'ارطغرل غازی' جیسے ایک ڈرامے کا اسکرپٹ لکھ رہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے ہمایوں سعید سے بات بھی کرلی ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے ہمایوں سعید سے اس قسم کے ڈرامے پر کام کرنے کے حوالے سے بات کررہے تھے اور اب انہوں نے اس کا اسکرپٹ لکھنا بھی شروع کردیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اور اب اداکار ہمایوں سعید نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ ایک تاریخی ڈراما بنانے جارہے ہیں۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ 2 سال قبل انہوں نے 'ارطغرل غازی' دیکھا تھا اور اس وقت یہ ضروری سوچا تھا کہ وہ بھی ایسا تاریخی ڈراما بنائیں گے۔

مزید پڑھیں: خلیل الرحمٰن قمرکا ’ارطغرل غازی‘ جیسا پروجیکٹ بنانے کا اعلان

ہمایوں سعید کے مطابق اب جبکہ یہ ڈراما پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے اور کامیاب ثابت ہورہا ہے تو وہ ضرور ایک تاریخی ڈرامے پر کام کریں گے۔

ہمایوں سعید نے بتایا کہ خلیل الرحمٰن قمر اس ڈرامے کا اسکرپٹ تحریر کریں گے جبکہ اے آر وائے کے مالک سلمان اقبال اسے پروڈیوس کریں گے۔

ویسے تو اب تک کچھ فائنل نہیں ہوا البتہ ہمایوں سعید کا ماننا ہے کہ یہ پاکستان کا سب سے گرینڈ ڈراما ہوگا۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں کہ پاکستان میں ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی بڑھتی مقبولیت کے بعد ہمایوں سعید یا شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کچھ اداکار اس ڈرامے کا ریمیک بنا رہے ہیں۔

البتہ ہمایوں سعید نے واضح کیا کہ وہ 'ارطغرل غازی' کا ریمیک نہیں بنارہے، ان کا ڈراما بھی تاریخ پر مبنی ہوگا لیکن 'ارطغرل غازی' کا ریمیک نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی میں حلیمہ بننے والی اداکارہ کی تصویر پر پاکستانیوں کا 'اخلاقیات' کا درس

خیال رہے کہ جہاں ترک ڈراما پاکستان کے عوام کے درمیان کافی مقبول ہورہا ہے وہیں چند ایسے بھی لوگ ہیں جو اس کی تشریات کے خلاف نظر آئے۔

اداکار شان شاہد نے حال ہی میں ٹوئٹر پر 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر نشر کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا جبکہ وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے ٹیلنٹ اور اپنی تاریخ کی تشہیر کریں۔

جس کے بعد خلیل الرحمٰن قمر نے ناپسندیدگی کا اظہار کرنے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’مقامی ہیرو کا ڈراما ہونا چاہیے کا کیا مطلب ہے؟ کیا ہم ہمایوں سعید، معمر رانا اور شان پر ڈراما بنائیں؟ مسلمان دنیا میں کہیں بھی ہوں ان کا ہیرو ایک ہی ہوگا، جو ہماری تاریخی ہیروز ہیں وہ ہم سب کے ہیرو ہیں‘۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کئی سال سے ترکی کے مختلف ڈراموں کو اردو ڈبنگ کے ساتھ چینلز پر نشر کیا جارہا ہے لیکن جو مقبولیت 'ارطغرل غازی' کو ملی ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔

’دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اس ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکار راتوں رات پاکستان میں اس حد تک مقبول ہوگئے کے ان کی فین فالوونگ میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: 'دیریلیش ارطغرل' ڈراما خاص کیوں ہے؟

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں