ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر کے امدادی قرض کی منظوری دے دی

اپ ڈیٹ 19 مئ 2020
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 30کروڑ ڈالر کے امدادی قرض کی منظوری دے دی— فائل فوٹو: اے ایف پی
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 30کروڑ ڈالر کے امدادی قرض کی منظوری دے دی— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران پاکستان کے نظام صحت کو مضبوط بنانے اور غریب و مستحق افراد کی مدد کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے امدادی قرض کی منظوری دے دی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ قرض ہسپتالوں کے لیے میڈیکل سپلائی اور محکمہ صحت کے عملے کے لیے حفاظتی سامان کی خریداری، رضاکاروں کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: قرض دہندگان نے پاکستان کا مالیاتی خطرہ کم کرنے میں مدد کی، موڈیز

اس کے علاوہ امدادی رقم دور دراز علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں انجام دینے کے لیے ایمرجنسی گاڑیوں کی خریداری اور جن علاقوں میں انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن کی سہولیات میسر نہیں وہاں محروم طبقے میں کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنے کے لیے بھی استعمال کی جائے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر شیژن چین نے کہا کہ کورونا وائرس کے پاکستان کے عوام کی صحت اور مالی حالات پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں، اس منصوبے کے ذریعے فنانسنگ کر کے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان میں نظام صحت کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور مستحق خواتین اور اہلخانہ کو فوری مدد فراہم کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان کے پڑوسی ممالک اور وسطی ایشیا کے علاقائی معاشی تعاون میں معلومات کے تبادلے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے عالمی معیشت کو 88 کھرب ڈالر تک خسارے کا امکان

اس قرض کی بدولت غریب افراد کو نقد رقم کی مدد فراہم کی جائے گی جہاں حکومت پاکستان کے احساس پروگرام کے ذریعے غریب گھرانے کی خواتین کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے گا۔

ایشیائی ترقیتی بینک کے پراجیکٹ ایڈمنسٹریشن یونٹ ہیڈ ژینگ وو نے کہا کہ قرض کے اس پروگرام کو کچھ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ جس سے غریب و نادار گھرانوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، اس رقم کی منتقلی کے اس غیر مشروط پروگرام سے غریب افراد کی کو بہتر غذا کی فراہمی اور خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد مل سکے گی۔

اس کے علاوہ پاکستان کو فراہم کیے جانے والے قرض میں 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم ناروے کی حکومت نے دی ہے جو ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذریعے ادا کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ پراجیکٹ میں سے 3 کروڑ ڈالر کی رقم کورونا وائرس کے سلسلے میں امداد کے طور پر دینے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس کے علاوہ اضافی 2 کروڑ ڈالر کی رقم کی ادائیگی کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا ترقی پذیر ممالک کیلئے 20 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان

اس کے ساتھ ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں طبی سامان اور حفاظتی آلات کی خریداری کے لیے بھی 25 لاکھ ڈالر کی امداد کی منظوری دی تھی۔

13 اپریل کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے ترقی پذیر رکن ممالک کے لیے 20 ارب کے بنیادی پیکج کو تین گنا بڑھانے کی منظوری دی تھی تاکہ کورونا وائرس پر قابو پانے میں ان ممالک کی مدد کی جا سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں