وزیراعظم کا ہسپتالوں میں ادویات، بستروں کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم

اپ ڈیٹ 19 جون 2020
وزیراعظم نے این سی او سی کے دورے کے موقع پر اجلاس کی صدارت کی—تصویر: پی آئی ڈی
وزیراعظم نے این سی او سی کے دورے کے موقع پر اجلاس کی صدارت کی—تصویر: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے اور ہسپتالوں میں ادویات، بستر اور آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر مکمن اقدامات کیے جائیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ملک کو درپیش غیر معمولی چیلنج سے لڑنے اور بزرگوں، بیماروں بالخصوص امراض قلب اور ذیابیطس کے مریضوں کے تحفظ کے لیے عوام میں مکمل اتحاد کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے یہ ہدایات اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) برائے کووِڈ 19 کے دورے پر منعقدہ ایک اجلاس میں دیں اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں آئندہ دو ماہ کے دوران کورونا کے خلاف ایک مربوط اور مشترکہ قومی ردعمل اختیار کرنا ہو گا، ہمارے عمل سے اس بحران کی شدت اور اس کے خلاف ہماری کامیابی کا تعین ہوگا۔

وفاقی وزرا کے علاوہ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے کووِڈ 19 کے خلاف متوازن حکمت عملی اپنائی ہے تاہم ہر شہری کو احتیاطی تدابیر اپنانی چاہیے۔

وزیراعظم نے طبی عملے کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل صورتحال میں وہ ہمارے لیے باعث فخر ہیں اور پوری قوم ان کی کاوشوں کی معترف ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں مسلسل دوسرے روز 130 سے زائد اموات، 5439 کیسز کا اضافہ

ساتھ ہی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ میڈیا نے اب تک ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور کسی بھی ہیجان انگیزی کی روک تھام میڈیا کو خود کرنا ہوگی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر اور ڈی جی آپریشنز اینڈ پلاننگ این سی او سی میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے وزیراعظم کو کووِڈ 19 کی صورتحال، ہسپتالوں پر دباؤ اور سہولیات کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اندازوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، ایس او پیز کے نفاذ، وبا کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کی حکمت عملی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں ڈیکسامیتھازون کی عدم دستیابی کی اطلاعات، وزارت صحت کا نوٹس

علاوہ ازیں اجلاس میں بالخصوص کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے نظام صحت کی بہتری اور اس میں موجود خامیاں دور کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، ہیلتھ پروفیشنلز کی صلاحیتیں بڑھانے، مریضوں کے لیے اضافی بیڈز کی دستیابی، اہم ادویات اور آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے اتفاق رائے سے صحت اور معیشت کے مابین توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات کو دہرایا کہ کاروباری ادارے کھلے رہنے چاہیے اور انتظامی کارروائیوں کے ذریعے ایس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Javed warraich Jun 20, 2020 02:11am
Petrol khul gia ha 48 ganty puray honay k bad