وزیر مملکت شہریار آفریدی کورونا وائرس سے شفایاب ہوگئے

20 جون 2020
میرا پختہ یقین ہے کہ ہر بیماری ہمیں اللہ سے قریب کرتی ہے، شہریار آفریدی — فائل فوٹو / ڈان نیوز
میرا پختہ یقین ہے کہ ہر بیماری ہمیں اللہ سے قریب کرتی ہے، شہریار آفریدی — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیر مملکت برائے سیفران اور انسداد منشیات شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ 24 روز بعد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں شہریار آفریدی نے کہا کہ '24 روز کی شدید بیماری کے بعد میرا کورونا کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'یہ تکلیف دہ تجربہ تھا لیکن میرا پختہ یقین ہے کہ ہر بیماری ہمیں اللہ سے قریب کرتی ہے، اللہ ہم سب کو اس وبا سے بچائے۔'

واضح رہے کہ 30 مئی کو شہریار آفریدی عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر مملکت شہریار آفریدی بھی کورونا وائرس سے متاثر

ٹوئٹر پر شہریار آفریدی نے خود کے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور میں نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر اپنے آپ کو گھر میں آئیسولیٹ کرلیا ہے۔'

انہوں نے مزید کہا کہ رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو موذی وبا سے محفوظ بنائے اور وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں۔

اس سے قبل بھی پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا سمیت کئی سیاسی رہنما انتقال بھی کر چکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی کورونا کا شکار ہونے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید، شاہد خاقان سمیت مزید کئی سیاستدان کورونا کا شکار

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں