امریکی حملے میں حادثاتی طور پر پانچ افغان پولیس اہلکار ہلاک

شائع August 1, 2013

امریکی حملے میں تباہ ہونے والی افغان پولیس چیک پوسٹ کا ایک منظر۔ رائٹرز فوٹو۔
امریکی حملے میں تباہ ہونے والی افغان پولیس چیک پوسٹ کا ایک منظر۔ رائٹرز فوٹو۔

کابل: افغانستان میں ایک امریکی فضائی حملے کے دوران جمعرات کو پانچ افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جسکی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

امریکہ کی زیر قیادت نیٹو افواج کے مطابق امریکی اور افغان فوج نے فضائی مدد عسکریت پسندوں کے خلاف لڑائی کے دوران طلب کی تھی جبکہ مقامی افسران کا کہنا ہے کہ فورسز طالبان کے ایک پولیس چیک پوسٹ حملے پر جوابی کارروائی کررہی تھیں۔

نیٹو کے ترجمان لیفٹینینٹ کرنل ول گرفن نے بتایا کہ 'ہم اس بات کی تصدیق کرسکتے ہیں کے واقعہ حادثاتی طور پر بدھ کے روز پیش آیا تھا'

انہوں نے کہا کہ یہ ایک افغان نیشنل سیکورٹی فورس (اے این ایس ایف) اور ایساف کا مشترکہ آپریشن تھا اور دونوں نے مشترکہ طور پر فضائی مدد طلب کی تھی جسکے نتیجے میں پانچ افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔

حادثاتی طور پر امریکی فضائی حملوں کے دوران ہلاکتوں پر اکثر افغان صدر حامد کرزئی کی جانب سے سخت ردعمل آتا ہے اور یہ حملہ ایک ایسے نازک وقت پر ہوا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات بہتر نہیں کہے جاسکتے۔

ادھر واقعے پیش آنے والے صوبے ننگرہار کے ایک ترجمان احمد ضیاء عبدالزئی نے اے ایف پی کو بتایا کہ طالبان نے بدھ کی رات باٹی کوٹ ضلع میں واقع پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔

ان کے مطابق اسپیشل فورسز پولیس کی مدد کے لیے روانہ ہوئی تھیں جہاں انہوں نے فضائی مدد طلب کی جس کے دوران ایک حملے میں غلطی سے پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی بھی ہوئے۔

ان کے مطابق فورسز کی کارروائی کے دوران باغیوں کو بھی نقصان اٹھانا پڑا تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

خیال رہے کہ باٹی کوٹ ضلع دارالحکومت کابل سے جانے والی مین روڈ پر واقع ہے جو پڑوسی ملک پاکستان تک جاتی ہے۔

آئندہ سال ہونے والے غیر ملکی فورسز کے افغانستان سے انخلاء کے لیے اس شاہراہ کو بھی استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025