شجرکاری مہم: آئندہ جون تک ایک ارب درخت لگا دیں گے، عمران خان

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2020
انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں جنگلات کی حفاظت اور ان کے تحفظ کے لیے 300 نگہبان علاقے میں موجود ہے —فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں جنگلات کی حفاظت اور ان کے تحفظ کے لیے 300 نگہبان علاقے میں موجود ہے —فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ 10 ارب درخت لگائیں گے، 2 برس میں 30 کروڑ درخت لگائیں ہیں، ہماری نرسریوں میں پودے تیار ہیں اور آئندہ جون تک ایک ارب درخت لگا دیئے جائیں گے۔

کہوٹہ میں وزیراعظم عمران خان نے مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان ممالک کی فہرست میں آتا ہے جہاں سب سے کم جنگلات باقی ہیں۔

مزیدپڑھیں: 'عوام کم از کم 2 پودے لگا کر نسل نو کا تحفظ یقینی بنائیں'

انہوں نے کہا کہ ہم نے 9 نئے نیشنل پارکس ڈکلیئر کردیے ہیں، نیشنل پارکس جنگلات کو بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نرسریوں میں پودوں کی افزائش کا سلسلہ جاری ہے اور اگلے 5 برس میں بتدریج اپنے مقصد میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں جنگلات کی حفاظت اور ان کے تحفظ کے لیے 300 نگہبان علاقے میں موجود ہیں جن کی تعداد 3 ہزار تک کردی جائے گی تاکہ وہ جنگل کو آباد رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل جنگل اور درختوں کی اہمیت کو بہت سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'ہم نے فیصلہ کیا ہے تدریسی اداروں میں ہفتے میں دو گھنٹے بچوں کو شجر کاری سے متعلق آگاہی کےلیے وقف کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں مزید 1700 درخت کاٹنے کی تیاری

انہوں نے کہا کہ لاہور ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں سیکڑوں درخت کاٹ دیے گئے اب وہاں ماحولیاتی آلودگی کا تناسب اس قدر بڑھ چکا ہے کہ لوگوں کی صحت متاثر ہونا شروع ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لاہور میں مختلف ترقیاتی کاموں بشمول میگا پروجیکٹس اور اورینج لائن ٹرین منصوبے کی وجہ سے لگ بھگ 4 ہزار درخت کاٹ دیئے تھے۔

پنجاب یونیورسٹی سے لنک کنال روڈ تعمیر کرنے کے لیے بھی 120 درخت کاٹے گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر آم کے درخت تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں