سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا

20 جولائ 2020
سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ منائی جائے گی — فائل فوٹو / رائٹرز
سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ منائی جائے گی — فائل فوٹو / رائٹرز

سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا جبکہ عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ منائی جائے گی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے حوالے سے کہا گیا کہ ملک میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا جبکہ عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ ہوگی۔

سعودی حکومت نے سرکاری و نجی شعبوں کے ملازمین کے لیے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا بھی اعلان کردیا ہے۔

ملک کے نجی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے 30 جولائی سے 2 اگست تک کی چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

سرکاری شعبے کے ملازمین کو دو ہفتے کی چھٹیاں دی گئی ہیں جس کا آغاز 24 جولائی سے ہوگا اور یہ تعطیلات 8 اگست تک جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں عید الاضحیٰ 31 جولائی کو ہونے کا امکان

واضح رہے کہ پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 21 جولائی بروز منگل کو ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے پاکستان میں عید الاضحیٰ 31 جولائی کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے محکمہ موسمیات کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ذی الحج کے نئے چاند کی پیدائش 20 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 33 منٹ پر ہوگی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 29 ذی القعد یعنی 21 جولائی بروز منگل کو چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے اور یکم ذی الحج 22 جولائی 2020 کو ہوسکتی ہے۔

اس روز ملک بھر میں اکثر مقامات مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور چاند کو آسانی سے دیکھا جاسکے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی کچھ عرصے پہلے اعلان کیا تھا کہ عیدالاضحیٰ 31 جولائی کو ہوگی۔

مزید پڑھیں: رمضان کا چاند 24 اپریل کو نظر آجائے گا، فواد چوہدری

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارت کے کیلنڈر کے مطابق 21 جولائی کو ذی الحج کا چاند کراچی اور اس کے ارد گرد علاقوں میں دوربین سے واضح طور پر اور کئی علاقوں میں آنکھوں سے بھی دیکھا جا سکے گا۔

انہوں نے چاند کی لوکیشن کے لیے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی قائم کردہ ’رویت‘ ایپ استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں