تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے، مرتضیٰ وہاب

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2020
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی اور کرپشن لازم و ملزم بن چکے ہیں— فوٹو: اسکرین شاٹ
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی اور کرپشن لازم و ملزم بن چکے ہیں— فوٹو: اسکرین شاٹ

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے الزام لگایا ہے کہ کرپشن اور تحریک انصاف لازم و ملزوم ہیں، پی ٹی آئی کے بغیر آپ کرپشن کا لفظ لکھ نہیں سکتے اور اب وقت آ گیا ہے کہ تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف تحقیقات اور کارروائی ہونی چاہیے۔

کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نے ٹھٹہ میں کاٹھور کے علاقے میں کھجور کے پودے لگانے کا عمل شروع کیا اور وہ پودے تناور درخت میں تبدیل ہو چکے ہیں جو پھل دے رہے ہیں یعنی پاکستان میں اب کھجور پیدا ہونا شروع ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا حکومت سندھ کے خلاف نیب میں جانے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ چین اور تھائی لینڈ سے آنے والے تکنیکی ماہرین نے ٹھٹہ جا کر تجزیہ کیا اور جن کے مطابق ان درختوں کا معیار ملائیشیا کے عین مطابق ہے۔

حکومت سندھ نے فیصلہ کیا کہ اس پائلٹ پراجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے ہم اپنی ایکسٹریکشن مل لگائیں گے تاکہ اس پھل سے ہم پام آئل کو نکال سکیں اور کھجور کا گھریلو چیزوں میں استعمال کیا جا سکے۔

پچھلے دنوں سندھ کابینہ نے محکمہ ماحولیات کو اس بات کی منظوری دی تھی کہ آپ اپنی مل کے لیے ضروری سامان درآمد کریں اور چین سے تیل نکالنے کی مل کے لیے سامان منگو الیا گیا ہے اور اسے کراچی سے ٹھٹہ منتقل کردیا گیا ہے اور انشااللہ اگلے 30 روز میں اسے کی تنصیب کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ 30-45 دن میں ٹھٹہ میں قائم کی جانے والی پام آئل مل، تیل نکالنا شروع کردے گی اور حکومتِ سندھ نے اس کھجور کے درختوں کو مزید تیزی سے کاشت کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سندھ کابینہ نے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ٹھٹہ کے اندر 1500 ایکڑ زمین مزید کھجور کے درخت کاشت کیے جائیں گے تاکہ صحیح معنوں میں ہم کھجور کی شجر کاری کر سکیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بروئے کار لاتے ہوئے اسے مزید بہتر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری سے متعلق بیان: پیپلز پارٹی کی شازیہ سومرو نے مراد سعید کو ہیڈ فون دے مارا

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت سندھ پرامید ہے کہ اس فیصلے کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے اور پاکستان پام آئل درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکل کر ان ممالک میں شمار ہونے لگے گا جو پام آئل خود پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے عین مطابق پاکستان، جو سالانہ 4 ارب ڈالر پام آئل کی شجرکاری پر خرچ کررہا تھا اس درآمدات کے بل میں خاطر خواہ کمی لا پائیں گے اور جب یہ مل چلے گی تو سیکڑوں افراد کو روزگار بھی ملے گا، سرمایہ کاری ہو سکے گی اور ٹھٹہ کے حالات کو ہم بہتر کر سکیں گے۔

ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جو چیلنج تحریک انصاف کی ناکام اور نکمی حکومت کو کیا تھا وہ ان کی حکومت آج بھی پورا نہیں کر پائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ باتوں کی حد تک تو بہت الزامات لگاتے ہیں لیکن جو مناظرے کی بات بلاول بھٹو زرداری صاحب نے عمران خان کے توسط سے کی تھی وہ ابھی تک وفاقی حکومت پورا نہیں کر پائی ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجیں گے، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور کرپشن اب لازم و ملزوم بن چکے ہیں، اس کرپٹ حکومت کی وجہ سے ادویات کا اسکینڈل دو دفعہ آ چکا ہے، گندم کا ایک اسکینڈل آ چکا ہے اور دوسرا اسکینڈل آنے والا ہے کیونکہ سب کو نظر آ رہا ہے کہ ملک میں گندم کا شدید بحران ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ پیٹرولیم کا بحران ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آیا اور تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ ریاست نے پیٹرول کے جو ریٹ مقرر کیے، ان پر عوام کو پیٹرول دستیاب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ حکومت آئی تو چینی کا ریٹ 55 روپے تھا لیکن آج اس حکومت کی غلط، کرپٹ اور مافیا کو سپورٹ کرنے کی پالیسی کی وجہ سے چینی آپ کو پاکستان میں 90-92 روپے فی کلو پر نظر آتی ہے اور یہ صورتحال وزیر اعظم کے نوٹس میں لیے جانے کے بعد کی ہے اور انہوں نے جب بھی کسی صورتحال کا نوٹس لیا تو غریب آدمی کا استحصال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فرشتے ماضی میں ہر حکومت پر کرپشن کا الزام لگاتے تھے، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ لاتے تھے، میں سوال یہ رکھنا چاہوں گا کہ اب ان کے دور اور حکومت کے بارے میں رپورٹ آ چکی ہے کہ 270 ارب روپے کی بے ضابطگیاں ہیں اور غلط استعمال کیا گیا، یہ بات کوئی اپوزیشن جماعت نہیں بلکہ آڈیٹر جنرل کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے کلبھوشن کو سہولت فراہم کرنے کیلئے آرڈیننس پیش کیا، بلاول بھٹو زرداری

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں انہی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ دکھا کر یہی مراد سعید اور ان کے بہت سارے وفاقی وزرا دوسری حکومتوں اور سیاسی جماعتوں پر کرپشن کے الزام لگاتے تھے، آج میں سوال پوچھنا چاہوں گا کہ خان صاحب آپ اس 270 ارب روپے کا کب جواب دیں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے سوال کیا کہ جو اربوں روپے کا نقصان آپ نے چینی اسکینڈل میں پاکستان کے عوام کو پہنچایا اس کا جواب کب دیں گے، جو اربوں روپے کا نقصان آپ نے پیٹرولیم اسکینڈل میں غریب عوام کو پہنچایا ہے، اس کا جواب آپ کب دیں گے، جو اربوں روپے کا نقصان ادویات اور گندم کے اسکینڈل میں آپ کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام کو ہوا ہے، اس کا جواب کب دیں گے۔

مزید پڑھیں: فوجی عدالتوں کے فیصلے پر نظرثانی کا آرڈیننس کلبھوشن کیلئے سہولت ہے، اپوزیشن

ان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی پارلیمان کے اندر اور باہر ان مسائل کو اجاگر کر رہی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ کرپشن اور پی ٹی آئی لازم و ملزوم ہیں اور پی ٹی آئی کے بغیر آپ کرپشن کا لفظ لکھ نہیں سکتے اور ان کے بغیر کرپشن ہو نہیں سکتی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئیں، جن لوگوں نے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا استحصال کیا ہے اور انہیں نقصان پہنچایا ہے، پی ٹی آئی کے ان نام نہاد لیڈرز کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں