فلپائنی صدر کا عوام کو ایک بار پھر ماسک پیٹرول سے دھونے کا مشورہ

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2020
میں مذاق نہیں کر رہا، عوام میری بات سمجھنے کی کوشش کریں، فلپائنی صدر — فائل فوٹو / فلپائن ڈیلی انکوائرر
میں مذاق نہیں کر رہا، عوام میری بات سمجھنے کی کوشش کریں، فلپائنی صدر — فائل فوٹو / فلپائن ڈیلی انکوائرر

فلپائن کے صدر روڈریگو دوترتے نے ایک بار پھر عوام کو چہرے کا ماسک پیٹرول سے دھونے کا مشورہ دے دیا۔

روڈریگو دوترتے نے گزشتہ ہفتے بھی فیس ماسک کو پیٹرول سے دھونے کا مشورہ دیا تھا، جس پر سرکاری حکام نے فوری طور پر اس کی تصحیح کی اور کہا کہ صدر نے مذاق میں اس طرح کہا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق صدر کے اس مشورے پر فلپائن کے محکمہ صحت کے حکام نے کہا تھا کہ کپڑے کے ماسک کو عام طریقے سے پانی سے دھونا چاہیے، جبکہ سرجیکل ماسک کو استعمال کے بعد تبدیل کر لینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: فلپائن میں کورونا کے باعث عائد پابندیوں میں توسیع

تاہم فلپائنی صدر نے ایک بار پھر اپنے بیان کو دہرایا اور عوام کو دوبارہ فیس ماسک پیٹرول سے دھونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ 'میں درست کہہ رہا ہوں، عوام پیٹرول اسٹیشن جائیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ ہفتے جب فیس ماسک کو پیٹرول سے دھونے کا کہا تو ناقدین نے مجھے پاگل اور بے وقوف کہا، اگر میں بے وقوف ہوں تو آپ کو صدر ہونا چاہیے مجھے نہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے جو کہا وہ درست ہے اور بالخصوص غریبوں کے لیے ہے، اگر الکوحل دستیاب نہیں تو پیٹرول اسٹیشن سے ماسک کو پیٹرول کے ذریعے جراثیم سے پاک کریں۔'

مزید پڑھیں: فلپائن میں کورونا وائرس سے مزید 113 اموات

روڈریگو دوترتے نے کہا کہ 'میں مذاق نہیں کر رہا، عوام میری بات سمجھنے کی کوشش کریں۔'

واضح رہے کہ اب تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے جس سے یہ واضح ہو کہ پیٹرول ماسک کو جراثیم سے پاک کر سکتا ہے، اس سے زیادہ دیر تک رابطے میں رہنا خطرناک ہوسکتا ہے جبکہ اس سے آگ لگنے کا بھی خطرہ ہے۔

فلپائن میں کورونا وائرس کے 89 ہزار سے زائد سامنے آچکے ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں