سام سنگ کا نیا فولڈ ایبل فون گلیکسی زی فولڈ 2

05 اگست 2020
گلیکسی زی فولڈ 2 — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی زی فولڈ 2 — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے اپنے نئے فولڈ ایبل فون گلیکسی زی فولڈ 2 کی ابتدائی جھلک کو پیش کردیا ہے۔

گلیکسی نوٹ 20 سیریز کے فونز اور دیگر ڈیوائسز کے لیے ساتھ جنوبی کورین کمپنی نے باضابطہ طور پر تو گلیکسی زی فولڈ 2 کو متعارف نہیں کرایا مگر اس کی جھلکیاں ضرور پیش کیں، جس سے اس کے بارے میں اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔

اس بار کمپنی کی جانب سے 2 ڈسپلے پر توجہ دی گئی ہے۔

اندرونی اسکرین کھل کر 7.3 انچ سے بڑھ کر 7.6 انچ کی ہوجاتی ہے جبکہ اس بار بہتر امیج کوالٹی کے لیے الٹرا تھن گلاس کو ڈیوائس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

باہری اسکرین بھی پہلے سے زیادہ بڑی 6.2 انچ کی ہے اور جب فون کو بند یا فولڈ کیا جاتا ہے تو فرنٹ پر بیزل کی جگہ اسکرین ہی نظر آتی ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فرنٹ اور اندرونی کیمروں کو پنچ ہولز میں منتقل کردیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے فون کی قیمت، پراسیسر، کیمروں، بیٹری اور دیگر تفصیلات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا، بلکہ یکم ستمبر کو اس حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔

اس موقع پر ہی پری آرڈرز شروع ہونے کی تاریخ بھی بتائی جائے گی۔

تاہم اب تک اس حوالے سے جو لیکس آئی ہیں ان کے مطابق اندرونی اسکرین میں ڈائنامک امولیڈ 2 ایکس پینل 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے، جبککہ اس بار ایس پین سپورٹ نہیں دی گئی۔

فون کے بیزل بھی اویجنل فولڈ ماڈل کے مقابلے میں بہت کم کیے گئے ہیں جبکہ باہری اسکرین سپرامولیڈ ڈسپلے سے لیس ہے جس میں 60 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا گیا ہے، دونوں اسکرینوں میں ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ دی گئی ہے۔

فنگرپرنٹ ریڈر سائیڈ میں دیا گیا ہے جو فون کھلنے یا بند ہونے پر بھی آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فائیو جی سپورٹ کرنے والے اس فون میں ممکنہ طور پر اسنیپ ڈراگون 865 پلس پراسیسر دیا جائے گا جس کے ساتھ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج ہوسکتی ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا اور تینوں 12 میگا پکسل سنسرز سے لیس ہوں گے۔

مین کیمرے میں ایس 20 جیسا ایف 1.8 آپرچر، او آئی ایس موجود ہوگا جبکہ دیگر 2 ٹیلی فوٹو اور الٹرا وائیڈ کیمرے ہوں گے۔

فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ ایپ ہوگا اور دونوں 10 میگا پکسل سنسر سے لیس ہوں گے۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ وائرڈ چارجنگ جبکہ 11 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ ریورس چارجنگ کا فیچر بھی موجود ہے۔

فون کی قیمت اور دستیابی کا اعلان جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں