• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am

پوپ فرانسس نے پہلی مرتبہ 6 خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کردیا

شائع August 11, 2020
پوپ فرانسس کو اپنے کئی پیش روؤں کے مقابلے میں زیادہ ترقی پسند سمجھا جاتا ہے — فوٹو: اے پی
پوپ فرانسس کو اپنے کئی پیش روؤں کے مقابلے میں زیادہ ترقی پسند سمجھا جاتا ہے — فوٹو: اے پی

کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے پہلی مرتبہ 6 خواتین کو ویٹی کن کے مالی معاملات کی نگرانی کے لیے مقرر کردیا۔

پوپ فرانسس نے کئی کارڈینلز کے ساتھ ویٹی کن کی معاشی کونسل میں 7 افراد کا تقرر کیا جن میں سے 6 خواتین ہیں جو اب اعلیٰ ترین عہدے پر خدمات سرانجام دیں گی۔

یہ تاریخی اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب کورونا وائرس کی عالمی وبا اور تباہ کن کساد بازاری نے ویٹی کن کے طویل المدتی مالی مسائل کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔

پوپ فرانسس کو اپنے کئی پیش روؤں کے مقابلے میں زیادہ ترقی پسند سمجھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ویٹی کن سٹی سے معاہدے کے تحت پہلی مرتبہ چینی پادری کا تقرر

چند ماہ قبل پوپ فرانسس نے اطالوی خاتون وکیل فرانسیسا ڈی گیووانی کو اسٹیٹ سیکریٹریٹ کے کثیرالجہتی امور میں انڈر سیکریٹری تعینات کیا تھا۔

وہ ویٹی کن کے اہم ترین دفتر میں انتظامی عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون تھیں۔

—فوٹو: ویٹی کن نیوز
—فوٹو: ویٹی کن نیوز

اس سے قبل 2017 میں آرٹ کی مورخ اطالوی خاتون کو دنیا کے فن کے اہم مجموعوں میں سے ایک ویٹی کن میوزیم کا ڈائریکٹر بنایا گیا تھا۔

فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق اب پوپ فرانسس نے 15 رکنی معاشی کونسل میں 6 خواتین کو تعینات کیا ہے جس میں پہلے تمام اراکین مرد تھے اور جن خواتین کو شامل کیا گیا ہے ان کا تعلق برطانیہ، جرمنی اور اسپین سے ہے۔

ان کے نام برطانیہ کی سابق لیبر پارٹی کی وزیر روتھ کیلی اور لیسلے جین فیرار، جرمنی کی کارلوٹ کریوٹر کرشوف اور ڈاکٹر ماریجا کولاک اور اسپین کی ایوا کاسٹیلو سانز اور ماریہ کانسیپکیون شامل ہیں۔

پوپ فرانسس کی جانب سے تعینات کی گئی تمام خواتین کا تعلق بینکنگ اور بزنس کے شعبے سے ہے۔

— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی

ویٹی کن کی کونسل آف اکنامی میں تعینات ہونے والے ساتویں فرد کا تعلق اٹلی سے ہے ان کا نام البرٹو میلانو ہے اور انہوں نے انشورنس میں اپنا نام بنایا ہے۔

کونسل کے 15 اراکین میں سے 8 کارڈینلز اور بشپس ہیں، جن کی شمولیت چرچ کی آفاقیت کی عکاسی کرتی ہے۔

ویٹی کن نیوز کے مطابق پوپ فرانسس نے ویٹی کن کے اداروں کے معاشی انتظام، انتظامی اور مالی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے 2014 میں کونسل فار اکنامی تشکیل دی تھی۔

مذکورہ کونسل روم میں کیتھولک چرچ کی مرکزی انتظامیہ ہولی سی کے دفاتر، بیرون ملک پیپل ڈپلومیٹک نیٹ ورک اور اٹلی میں خودمختار ریاست ویٹی کن سٹی کی تمام بیلنس شیٹس اور بجٹس کا جائزہ لیتی ہے۔

ویٹی کن نیوز کے مطابق گزشتہ دہائی میں ویٹی کن میں کام کرنے والی خواتین کی مجموعی تعداد اور شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پوپ فرانسس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی

ہولی سی اور ویٹی کن سٹی میں خواتین ملازمین کی تعداد 2010 کے مقابلے میں 17 فیصد سے بڑھ کر گزشتہ برس میں 22 فیصد ہوگئی تھی۔

علاوہ ازیں پوپ فرانسس کے دور میں اعلیٰ ترین عہدے انڈر سیکریٹری پر تعینات خواتین کی تعداد دُگنی ہو کر 2 سے 4 ہوگئی ہے۔

گزشتہ برس نومبر میں پوپ فرانسس نے کہا تھا کہ ہمیں خواتین کو کسی خوف کے بغیر ایڈوائزری میں شامل کرنے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ چرچ میں خواتین کی جگہ صرف کارکن کی حیثیت نہیں ہے بلکہ خواتین کا مشورہ بہت اہم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024