شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) کی ’این آر او مانگنے‘ کی دستاویزات شیئر کردیں

اپ ڈیٹ 23 اگست 2020
وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ ہیں وہ ذرائع اور دستاویزات جن کی وساطت سے این آر او مانگا گیا — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ ہیں وہ ذرائع اور دستاویزات جن کی وساطت سے این آر او مانگا گیا — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز وہ دستاویزات منظر عام پر لے آئے جن کے ذریعے ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سے قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) مانگا ہے۔

وزیر وزیر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں احتساب آرڈیننس 1999 میں ترمیم کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مجوزہ ترامیم کے صفحات شیئر کیے۔

اس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’کئی دنوں سے مسلم لیگ نواز لمیٹڈ مطالبہ کررہی تھی کہ این آر او کس نے مانگا؟ تو حضور والا یہ ہیں وہ ذرائع اور دستاویزات جن کی وساطت سے این آر او مانگا گیا‘۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’تاریخ گواہ ہے کہ ہر مرتبہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک اور قانون سے فرار کا راستہ اختیار کیا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو ملک میں واپس لانے کی کوششیں تیز کردیں، وزیر اطلاعات

سینیٹر شبلی فراز نے جو دستاویزات شیئر کی اس میں کہا گیا تھا کہ ’تحقیقات کا حکم دینے کے بعد یا انکوائری کے وقت، ٹرائل شروع ہونے سے پہلے یا بعد میں یا اپیل کے زیر التوا ہونے کے دوران سرکاری عہدہ رکھنے والا یا کوئی بھی دوسرا شخص کسی جرم کے نتیجے میں بنائے گئے اثاثے یا حاصل کیے گئے فوائد واپس کرنے کی پیش کش کرے تو اس آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب، کیس کے حقائق اور پہلوؤں پر غور کر کے اپنی صوابدید اور جو شرائط و ضوابط وہ ضروری سمجھیں انہیں مدِ نظر رکھتے ہوئے اس قسم کی پیشکش کو قبول کرسکتے ہیں‘۔

علاوہ ازیں اس میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر سرکاری عہدہ رکھنے والا کوئی بھی دوسرا شخص چیئرمین نیب کی متعین کردہ رقم واپس کرنے پر راضی ہو تو اس کیس کو سرکاری عہدہ رکھنے والے یا کسی بھی شخص یا شریک ملزم کی رہائی سے متعلق کیس کو منظوری کے لیے عدالت یا اپیلیٹ کورٹ میں بھیجا جائے گا۔

دستاویز میں لکھا گیا کہ اگر چیئرمین نیب اس قسم کی پیشکش سے انکار کردیں تو سرکاری عہدیدار یا کوئی بھی شخص اس پیشکش پر غور یا منظوری کے لیے براہ راست عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: جب تک زندہ ہوں کسی کو این آر او نہیں دوں گا، وزیراعظم

شبلی فراز کی شیئر کردہ مجوزہ ترامیم کے مطابق نیب جرم کے ارتکاب یا رقوم کی منتقلی کو 5 سال کا عرصہ گزرنے کے بعد مبینہ جرم کی تحقیقات، تفتیش یا ریفرنس دائر نہیں کرے گا۔

دستاویز میں یہ درج تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) مندرجہ ذیل صورتحال میں الزامات پر کوئی ایکشن نہیں لے گا:

i) ایسی شکایت جو نامعلوم یا فرضی نام سے کی گئی ہو۔

ii) جس میں عوام کا پیسہ شامل نہ ہو۔

iii) جس میں شامل رقم ایک ارب روپے سے کم ہو۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومتی اراکین اکثر اپوزیشن پر این آر او مانگنے کا الزام عائد کرتے رہتے ہیں جبکہ وزیراعظم اکثر و بیشتر اپنی تقاریر میں بھی یہ بات دہراتے ہیں کہ چاہے کچھ ہوجائے وہ اپوزیشن کو این آر او نہیں دیں گے۔

چند روز قبل حکومت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ بلز کی منظوری کے دوران بھی حکومتی وزرا نے الزام عائد کیا تھا کہ اپوزیشن اس کی آڑ میں این آر او مانگ رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں