اظہر علی کی سنچری، انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز 273 رنز پر ختم

اپ ڈیٹ 24 اگست 2020
اظہرعلی نے پہلی اننگز میں آؤٹ ہوئے بغیر 141 رنز بنائے—فوٹو:اے ایف پی
اظہرعلی نے پہلی اننگز میں آؤٹ ہوئے بغیر 141 رنز بنائے—فوٹو:اے ایف پی
جیمزاینڈرسن نے پاکستان کے 4 بلے بازوں کو آؤٹ کیا—فوٹو:اے پی
جیمزاینڈرسن نے پاکستان کے 4 بلے بازوں کو آؤٹ کیا—فوٹو:اے پی

پاکستان نے ابتدائی بلے بازوں کی غیر ذمہ دارانہ کارکردگی کے بعد کپتان اظہرعلی کی ذمہ دارانہ سنچری کے باعث انگلینڈ کے خلاف آخری میچ کی پہلی اننگز میں 273 رنز بنائے اور 310 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز جب پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو وہ بابراعظم سمیت ابتدائی 3 بلے بازوں سے محروم ہوچکی تھی۔

کپتان اظہر علی کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار بلے باز اسد شفیق میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے صرف 6 رنز کی شراکت کی۔

مزید پڑھیں:تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ نے 583 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان 3 وکٹوں سے محروم

اسد شفیق ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 5 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر جوروٹ کو کیچ دے دیا۔

سیریز کے دوسرے میچ میں ناکام رہنے والے فواد عالم آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم دوہرے ہندسے کو عبور کرنے میں کامیاب رہے۔

فواد عالم 21 رنز بنا کر قومی ٹیم کے 75 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ میں 45 رنز کا اضافہ ہوا۔

محمد رضوان نے گزشتہ میچ کی طرح ذمہ دارانہ انداز میں کھیلا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں کپتان اظہرعلی کے ساتھ 138 رنز کا اضافہ کیا اور 53 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم اس شراکت میں اظہرعلی نے اپنی سنچری مکمل کی۔

یاسر شاہ نے پاکستان کا اسکور 213 اور 241 تک لے جانے میں کپتان کی معاونت کی اور 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی 3 رنز کا اضافہ کرپائے، جس کے بعد محمد عباس نے صرف ایک رن بنایا اور اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کے دوران رن آؤٹ ہوگئے۔

کپتان اظہرعلی نے اننگز کے اختتام لمحات میں جارحانہ انداز اپنایا تاہم نسیم شاہ کی صورت میں آخری وکٹ 273 رنز پر گر گئی اور پہلی اننگز کے مارجن کو مزید کم کرنے کی ان کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔

پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 273 رنز کر آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی اور انگلینڈ کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 310 رنز درکار ہیں۔

کپتان اظہر علی نے آؤٹ ہوئے بغیر 141 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے شامل تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے تجربہ کار باؤلر جیمز اینڈرسن نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی وکٹوں کی تعداد 600 بنانے کے قریب پہنچ گئے۔

قبل ازیں گزشتہ روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں پر 583 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی۔

انگلینڈ کے زیک کرالی نے 267 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی اور ان کے ساتھ ساتھ جوز بٹلر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری کرنے کے بعد 152 رنز کی اننگز کھیلی۔

جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹیں کھو کر 24 رنز بنائے تھے اور تینوں وکٹیں جیمز اینڈرسن نے حاصل کرلی تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

سیریز کا دوسرا میچ میں بارش سے متاثر ہوا تھا اور انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز بھی مکمل نہیں کرپائی تھی جس کے باعث میچ کو برابری پر ختم کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں