دنیا کا پہلا انڈر ڈسپلے سیلفی کیمرے والا فون متعارف

01 ستمبر 2020
زی ٹی ای ایکسون 20 — فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
زی ٹی ای ایکسون 20 — فوٹو بشکریہ زی ٹی ای

چین سے تعلق رکھنے والی کمپنی زی ٹی ای نے دنیا میں پہلی بار ڈسپلے کے اندر نصب کیمرا والا فون ایکسون 20 فائیو جی عام صارفین کے لیے متعارف کرادیا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کے لیے مختلف کمپنیوں کی جانب سے کام کیا جارہا ہے مگر زی ٹی ای نے ایسے کمرشل فون کے حوالے سے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

یعنی اب سیلفی کیمرے کے لیے نو یا ہول پنچ کی ضرورت ختم کردی گئی اور فون کو صحیح معنوں میں بیزل لیس بنادیا گیا۔

فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
فوٹو بشکریہ زی ٹی ای

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے ڈسپلے کے اندر چھپے کیمرے کے لیے 5 ٹیکنالوجیز کو آپس میں ملایا ہے جبکہ ایک خصوصی میٹریل استعمال کیا ہے تاکہ لینس میں لائٹ ان پٹ کو بہتر بنایا جاسکے۔

اسی طرح ایک ڈوئل کنٹرول چپ اور ڈرائیور سرکٹ دیا گیا ہے جو فون کے ڈسپلے اور رنگوں کے ساتھ کام کرکے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کیمرا اور ڈسپلے ایک دوسرے کے فنکشن میں مداخلت نہ کریں۔

انڈر ڈسپلے کیمرے کے لیے ایک نیا شوٹنگ الگورتھم فون کا حصہ بنایا گیا ہے جو روشنی کے مطابق خود کو ڈھال کر تصویر کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

ڈسپلے کے اندر یہ کیمرا 32 میگا پکسل کا ہے اور کمپنی کے مطابق پکسل ارینجمنٹ کے ذریعے لینس کو اسکرین کا حصہ بنادیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
فوٹو بشکریہ زی ٹی ای

ایکسون 20 میں 6.9 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں 90 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر بھی اسکرین کے اندر ہی دیا گیا ہے۔

اسنیپ ڈراگون 765 جی پراسیسر کے ساتھ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

فون کی بیٹری 4220 ایم اے ایچ کی ہے جس کے ساتھ 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی کے اپنے مائی فیور 10.5 یوزر انٹرفیس سے کیا ہے۔

فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
فوٹو بشکریہ زی ٹی ای

ڈیوائس کے بیک پر کواڈ کیمرا سیٹ اپ ہے جس میں 64 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ سنسر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہہ ڈیپتھ ڈیٹا اور میکرو شوٹس کے لیے 2، دو میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں۔

چین میں 10 ستمبر سے یہ فون بلیک، وائٹ، پرپل اور اورنج رنگوں میں دستیاب ہوگا۔

6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2198 چینی یوآن (53 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2498 یوآن (60 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 2798 یوآن (67 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

دیگر ممالک میں دستیابی کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا مگر توقع ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں یہ بین الاقوامی سطح پر بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں