ایلون مسک نے دولت میں مارک زکربرگ کو پیچھے چھوڑ دیا

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2020
رواں سال ایلون مسک کی دولت میں دگنا اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
رواں سال ایلون مسک کی دولت میں دگنا اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز ٹیسلا، اسپیس ایکس، نیورا لنک اور دی بورنگ کمپنی کے بانی 49 سالہ ایلون مسک کی دولت میں اضافہ ہونے کے بعد وہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے۔

ایلون مسک کی دولت میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تقریبا 30 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد وہ اب صرف بل گیٹس اور جیف بزوز سے قریب رہ گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ ماہ 22 اگست کو ہی ایلون مسک دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بنے تھے اور اس وقت ان کے اثاثوں کی مالیت 84 ارب ڈالر سے زائد تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی دولت میں ایک دن میں 8 ارب ڈالر کا اضافہ

لیکن اب ان کے اثاثوں میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد انہوں نے دولت میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

ایلون مسک کی دولت یکم ستمبر تک 115 ارب ڈالر  ہوگئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایلون مسک کی دولت یکم ستمبر تک 115 ارب ڈالر ہوگئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں بلوم برگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم ستمبر کو ایلون مسک کی مجموعی دولت 115 ارب ڈالر ہوگئی، جس کے بعد وہ مارک زکربرگ سے بھی آگے نکل گئے۔

جیف بزوز دنیا کے امیر ترین شخص ہیں—فوٹو: اے پی
جیف بزوز دنیا کے امیر ترین شخص ہیں—فوٹو: اے پی

ایلون مسک کی دولت میں حالیہ اضافہ ان کی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے شیئرز کی قدر میں اضافے سے ہوا اور مجموعی طور پر رواں سال ان کی ٹیسلا سمیت دیگر کمپنیوں کے شیئرز میں اضافے سے ان کی دولت میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی سیاست میں ہلچل، ارب پتی افراد 500 کھرب روپے سے محروم

ایلون مسک کی دولت 115 ارب ڈالر ہونے کے بعد اب وہ صرف دنیا کے دو ہی افراد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ایمازون اسٹور کے بانی جیف بزوز سے ہی غریب رہ گئے ہیں۔

بل گیٹس دوسرے نمبر پر ہیں—فوٹو: اے پی
بل گیٹس دوسرے نمبر پر ہیں—فوٹو: اے پی

اس وقت دنیا کا سب سے امیر ترین شخص ایمازون کا بانی جیف بزوز ہے، جس کی دولت 200 ارب ڈالرز سے زائد جب کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس 126 ڈالرز کے ساتھ دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

ایلون مسک 115 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے جب کہ مارک زکربرگ 112 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر شخص ہیں۔

دنیا کے پانچویں امیر شخص فرانسیسی کاروباری شخص برنارڈ ارنالٹ ہیں۔

مارک زکربرگ اب چوتھے امیر ترین شخص ہیں—فوٹو: اے پی
مارک زکربرگ اب چوتھے امیر ترین شخص ہیں—فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں