روبرٹ پیٹسن کورونا وائرس کا شکار، 'دی بیٹ مین ' کی شوٹنگ روک دی گئی

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2020
کورونا وائرس کے باعث فلم کی ریلیز پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکی ہے— فوٹو: اے پی
کورونا وائرس کے باعث فلم کی ریلیز پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکی ہے— فوٹو: اے پی

ہولی وڈ کی آنے والی سائنس فکشن فلم 'دی بیٹ مین' کے مرکزی اداکار روبرٹ پیٹسن میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد فلم کی شوٹنگ روک دی گئی۔

فلم اسٹوڈیو وارنر بروس نے ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ میں دی بیٹ مین پروڈکشن کے ایک رکن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

تاہم انہوں نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے فرد کا نام نہیں بتایا تھا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا کہ فلم بندی کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا لیکن شوٹنگ کتنے عرصے کے لیے روکی جارہی ہے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔

مزید پڑھیں: جاسوسی کے بے تاج بادشاہ 'بیٹ مین' شیطانوں کو سبق سکھانے آگئے

ورائٹی، ہولی وڈ رپورٹر اور وینیٹی فیئر نے تمام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس فرد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ فلم اسٹار روبرٹ پیٹسن ہیں۔

تاہم وارنر بروس اور روبرٹ پیٹسن کے نمائندوں سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

یہ واضح نہیں کہ اداکار میں عالمی وبا کا باعث بننے والے کورونا وائرس کی علامات کس حد تک ظاہر ہوئی ہیں۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ مارچ کے وسط میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے نتیجے میں شوٹنگ روکنے کے بعد صرف 3 روز قبل ہی لندن کے شمالی علاقے میں دی بیٹ مین کی شوٹنگ بحال ہوئی تھی۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں درجنوں فلموں اور ٹی وی شوز کی شوٹنگ تعطل کا شکار ہوچکی ہے۔

ہولی وڈ ٹریڈ آؤٹ لیٹس کے مطابق روبرٹ پیٹس کی فلم میں تقریباً 3 ماہ کی شوٹنگ کا عمل باقی ہے۔

گزشتہ دنوں فلم 'دی بیٹ مین' کا پہلا آفیشل ٹیزر ٹریلر جاری ہوا تھا، جس میں روبرٹ پیٹسن کو مختلف کاسٹیوم والے 'بیٹ مین' کے طور پر دکھایا گیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ روبرٹ پیٹسن سپر ہیرو جاسوس فلم میں 'بیٹ مین' کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، اس سے قبل 'بیٹ مین' سیریز فلموں میں مرکزی کردار کرسٹین بیل، بین ایفلک اور مائیکل کیوٹن ادا کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: فلم ’بیٹ مین‘ کی ریلیز بھی تاخیر کا شکار

'بیٹ مین' کے سائنس فکشن کامک کردار کو 1939 میں تخلیق کیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر اسے صرف کتابوں میں شامل کیا گیا تھا، جس کے بعد اس پر ٹی وی سیریز بنائی گئی تھی۔

'دی بیٹ مین' میں روبرٹ پیٹسن کو جاسوسی کرکے اپنے حریفوں کو سبق سکھاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ فلم کو آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا تاہم ٹریلر میں تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

'دی بیٹ مین' کے پروڈکشن ہاؤس وارنر برادر کے ڈی سی کامک نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ کورونا کے باعث اب فلم کو اکتوبر 2021 میں ریلیز کیا جائے گا۔

اس سے قبل 'دی بیٹ مین' کو جون 2021 میں ریلیز کیا جانا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں