'ارطغرل غازی' نے پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کردی

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2020
اداکار نے اسلام آباد میں مسجد کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا— فوٹو: ڈیلی صباح
اداکار نے اسلام آباد میں مسجد کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا— فوٹو: ڈیلی صباح

ترکی کے ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے ارطغرل غازی کے نام سے اردو ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے، سے پاکستان بھر میں مقبول ہونے والے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ انجین التان دوزیتان کی جانب سے بارہا پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا جاچکا ہے تاہم انہوں نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ وہ کب پاکستان آئیں گے۔

گزشتہ ماہ ان کی پاکستان آمد کی افواہیں زیر گردش تھیں تاہم وہ پاکستان نہیں آئے تھے بلکہ ایک خصوصی تقریب کے دوران 3 بیمار بچوں سے آن لائن ملاقات کی تھی۔

مزید پڑھیں: کیا 'ارطغرل غازی' اسلام آباد میں مسجد کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے؟

جس کے بعد چند روز قبل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر بن گئے تھے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس حوالے سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری مختلف پوسٹس میں بتایا تھا کہ انجین التان دوزیتان جلد اسلام آباد میں بلیو ورلڈ میں مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

اس حوالے سے ایک اور پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ انہیں پاکستان میں انجین التان دوزیتان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور جلد ان کا تاریخی استقبال ہوگا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اب انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کردی۔

ویڈیو میں ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے کہا کہ سلام پاکستان، آپ کی محبت اور عزت کا بہت شکریہ۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' نے 3 بیمار پاکستانی بچوں کا خواب پورا کردیا

انہوں نے کہا کہ میں بلیو ورلڈ سٹی کا برانڈ ایمبیسڈر بننے پر بہت پرجوش ہوں اور جلد پاکستان آؤں گا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تاہم انجین التان دوزیتان نے اسلام آباد میں مسجد کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

واضح رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی شروع ہوچکا ہے۔

اس ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا جب کہ اس کی پہلی قسط کو اب تک اسے 7 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے پاکستان آنے کی افواہیں

ڈرامے کی مقبولیت اور پاکستان میں مداحوں کے جذبے کو دیکھتے ہوئے 'ارطغرل غازی' کے تقریباً تمام مرکزی اداکار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ارطغرل غازی میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے، اس ڈرامے کی مجموعی طور 179 قسطیں ہیں اور اب تک اس کی 94 اقساط نشر کی جاچکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں