صدر پال کگامے نے 'ہوٹل روانڈا' کے ہیرو کے اغوا کا دعویٰ مسترد کردیا

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2020
پال روسیسا باگینا کو 31 اگست کو گرفتار کیا گیاتھا — فوٹو: رائٹرز
پال روسیسا باگینا کو 31 اگست کو گرفتار کیا گیاتھا — فوٹو: رائٹرز

1994 میں روانڈا میں ہونے والی نسل کشی پر مبنی ہولی وڈ فلم کے اصل زندگی کے کردار پال روسیسا باگینا کی 'دہشت گردی' کے الزامات میں گرفتاری کو ان کی لے پالک بیٹی نے 'اغوا' قرار دیا تھا جسے روانڈا کے صدر پال کگامے نے مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ 31 اگست کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر روانڈا کے انویسٹی گیشن بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پال روسیسا باگینا 'بین الاقوامی تعاون' سے گرفتار کیے جانے کے بعد سے ان کی تحویل میں ہیں۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 66 سالہ پال روسیسا باگینا پر 'انتہاپسند دہشت گرد، مسلح تنظیموں کے بانی، لیڈر اور اسپانسر' ہونے کے الزامات ہیں۔

مزید پڑھیں: 'ہوٹل روانڈا' فلم کے ہیرو کی بیٹی نے والد کی گرفتاری کو 'اغوا' قرار دے دیا

انٹرنیشنل وارنٹ کے تحت گرفتار کرنے کے بعد حکام کی جانب سے انہیں دارالحکومت کیگالی میں پریس کانفرنس میں پیش کیا گیا تھا۔

—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی

بعدازاں روسیسا باگینا کی لے پالک بیٹی کیرین کانیمبا نے اے پی کو بتایا تھا کہ انہوں نے والد کی گرفتاری سے ایک ہفتہ پہلے اس وقت بات کی تھی جب وہ دبئی جانے والے تھے لیکن وہ ان کے دورے کی نوعیت سے آگاہ نہیں تھیں۔

تاہم وہ اس دعوے کی حمایت میں شواہد نہیں فراہم کرسکی تھیں کہ پال روسیسا باگینا کو اغوا کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں ہوٹل روانڈا روسیسا باگینا فاؤنڈیشن کی ترجمان کِٹی کرتھ نے کہا تھا کہ پال روسیسا باگینا کی گرفتاری کی ویڈیو ڈراما معلوم ہوتی ہے۔

انہوں نے وہی جیکٹ اور ٹائی جیکٹ پہنی تھی جس میں انہیں 31 اگست کو دیکھا گیا تھا اور ویڈیو ان کے ٹیکساس یا بیلجیئم میں واقع گھر میں نہیں بنائی گئی۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق روانڈا کے دارالحکومت کیلگالی میں ورچوئل نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر پال کگامے نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ پال روسیسا باگینا کو کیسے حراست میں لیا گیا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ گرفتاری سے قبل پال روسیسا باگینا کو روانڈا کے سفر کا جھانسہ دیا گیا تھا۔

پال کگامے نے اغوا کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 'ایسا کچھ نہیں ہے'۔

روانڈا کے صدر کا کہنا تھا کہ پال روسیسا باگیناکو اغوا نہیں کیا گیا، یہاں ان کو لانے کے عمل میں کوئی غلط کام نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی بنیاد پر یہاں پہنچے تھے جسے وہ مانتے تھے اور کرنا چاہتے تھے اور پھر ایسا ہی ہوا۔   دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بھی ایک عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ پال روسیسا باگینا کو اغوا نہیں کیا گیا تھا۔

—فوٹو:روانڈا انویسٹی گیشن بیورو
—فوٹو:روانڈا انویسٹی گیشن بیورو

امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے افریقی امور ٹیبور ناگی نے 3 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ واشنگٹن توقع کرتا ہے کہ کیگالی 'انسانی سلوک اور قانون کی حکمرانی پر عمل کرے گا اور منصفانہ و شفاف قانونی عمل فراہم کرے گا'۔

پال روسیسا باگینا کو پیر (31 اگست) کو ہتھکڑی لگے ہاتھوں کے ساتھ روانڈا کے دارالحکومت میں پیش کیے جانے پر انسانی حقوق کے کارکنوں نے تشویش کا اظہار کیا اور ان کی گرفتاری کو روانڈا کی حکومت کی جانب سے ناقدین کو سرحد پار نشانہ بنانے کی حالیہ مثال قرار دیا۔

خیال رہے کہ پال روسیسا باگینا 1996 سے بیلجیئم میں مقیم تھے اور اس کے بعد ٹیکساس چلے گئے تھے۔

پال روسیسا باگینا اس وقت زیادہ مشہور ہوئے تھے جب ہوٹل روانڈا نامی فلم میں 1994 میں ہونے والی نسل کشی میں سیکڑوں افراد کو اپنے ہوٹل میں پناہ دینے کی کوششوں کو بیان کیا تھا۔

نسل کشی میں توتسی اقلیت سے تعلق رکھنے والے 8 لاکھ افراد مارے گئے تھے۔

ان افراد کو ہوتو انتہاپسندوں نے قتل کیا تھا جنہیں صدر پال کگامے اور ان کے توتسی اکثریتی روانڈا پیٹریاٹک فرنٹ (آر پی ایف) نے ایسا کرنے پر مجبور کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ہوٹل روانڈا' فلم کے ہیرو دہشت گردی کے الزامات میں گرفتار

بعدازاں انہوں نے ایک اپوزیشن پارٹی بھی شروع کی تھی جس کا ایک مسلح ونگ جمہوریہ کانگو میں موجود تھا۔

2011 میں پال روسیسا باگینا پر روانڈ میں بغاوت کی فنڈنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا لیکن ان پر مزید کوئی الزام نہیں تھا۔

اس وقت انہوں نے اسے مسترد کیا تھا اور اپنے خلاف مذموم مہم قرار دیا تھا۔

پال روسیسا باگینا 1996 میں ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد سے روانڈا میں نہیں رہتے اور انہیں نسل کشی کے دوران لوگوں کو بچانے کی کوششوں کے اعتراف میں انسانی حقوق کے کئی اعزازت سے نوازا جاچکا ہے جن میں 2005 میں دیا گیا امریکی پریذیڈنشل میڈل آف فریڈم شامل ہے۔

انہیں امریکی پریذیڈنشل میڈل آف فریڈم سے بھی نوازا گیا تھا—فوٹو: واشنگٹن پوسٹ
انہیں امریکی پریذیڈنشل میڈل آف فریڈم سے بھی نوازا گیا تھا—فوٹو: واشنگٹن پوسٹ

خیال رہے کہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ہوٹل روانڈا' میں پال روسیسا باگینا کی کہانی بیان کی گئی ہے کہ کس طریقے سے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ہوتو قبیلے کے شخص نے ایک توتسی سے شادی کی تھی۔

اس فلم میں دکھایا گیا تھا کہ انہوں نے کیگالی کے ملی کولنز ہوٹل میں پناہ لینے والے تقریبا 12 سو افراد کو محفوظ طریقے سے فرار ہونے کے لیے ملٹری حکام کو رضامند کرنے لیے رشوت دی تھی اور اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا تھا۔

فلم ہوٹل روانڈا میں ڈان چیڈل نے پال روسیسا باگینا کا کردار ادا کیا تھا اور اس فلم نے مختلف ایوارڈز بھی حاصل کیے تھے۔

تاہم روانڈا میں نسل کشی میں بچ جانے والے گروہ ایبوکا نے ماضی میں کہا تھا کہ پال روسیسا باگینا نے 100 روز تک جاری رہنے والے قتل عام میں اپنے کردار کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں