کلفٹن کے گھر میں خاتون نے خودکشی نہیں کی، ان کا قتل ہوا، میڈیکل بورڈ

12 ستمبر 2020
ابتدائی طور پر جناح ہسپتال کی میڈیکو لیگل افسر نے کہا تھا کہ خاتون نے اونچائی سے لٹک کر خودکشی کی — فائل فوٹو
ابتدائی طور پر جناح ہسپتال کی میڈیکو لیگل افسر نے کہا تھا کہ خاتون نے اونچائی سے لٹک کر خودکشی کی — فائل فوٹو

میڈیکل بورڈ نے کلفٹن میں گھر سے ملنے والی لاش سے متعلق تصدیق کی ہے کہ خاتون نے خودکشی نہیں کی بلکہ ان کا قتل ہوا۔

گزشتہ ہفتے کلفٹن بلاک 5 کے ایک بنگلے سے 53 سالہ خاتون ڈیوڈ لانا زوجہ فاروق ڈھوسا کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

ابتدائی طور پر جناح ہسپتال کی میڈیکو لیگل افسر نے کہا تھا کہ خاتون نے اونچائی سے لٹک کر خودکشی کی۔

تاہم میڈیکل بورڈ نے ہفتہ کو پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے برعکس کہا کہ خاتون نے خودکشی نہیں کی بلکہ ان کا قتل ہوا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے کہا کہ پولیس نے خاتون کے خاندان کے خودکشی سے متعلق بیان پر شک کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت سے لاش کی دوبارہ جانچ اور پوسٹ مارٹم کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کلفٹن میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد

ڈیوڈ لانا کی لاش 5 ستمبر سے ایدھی کے سردخانے میں تھی جسے ہفتے کو دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال لایا گیا۔

محکمہ صحت کی جانب سے پروفیسر فرحت مرزا کی قیادت میں میڈیکل بورڈ نے لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا۔

ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے کہا کہ پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوتا ہے کہ خاتون نے خودکشی نہیں کی بلکہ ان کا قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رسی کی مدد سے خاتون کا گلا گھونٹا گیا تھا۔

خیال رہے کہ جس وقت خاتون کی لاش ملی اس وقت پولیس افسر کا کہنا تھا کہ خاتون، 89 سالہ فاروق ڈھوسا کی نرس اٹینڈنٹ تھیں لیکن پہلی بیوی کی موت کے بعد انہوں نے 15 سال قبل ڈیوڈ لانا سے شادی کر لی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں