کارڈی بی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2020
اداکارہ نے ریاست جارجیا کی عدالت میں درخواست دائر کردی—فوٹو: رائئٹرز
اداکارہ نے ریاست جارجیا کی عدالت میں درخواست دائر کردی—فوٹو: رائئٹرز

معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ 27 سالہ کارڈی بی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

کارڈی بی نے 2017 میں دیرینہ بوائے فرینڈ گلوکار آف سیٹ سے خفیہ طور پر شادی کی تھی اور دونوں کے درمیان شادی کے ایک سال بعد ہی اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگی تھی۔

2015 میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کرنے والی کارڈی بی نے پہلی فلم کی ریلیز ہوتے ہی انٹرنیٹ پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شہرت حاصل کی تھی۔

کارڈی بی نے اگرچہ بطور اداکارہ کیریئر کا آغاز کیا تاہم جلد ہی ان کی شناخت ایک گلوکارہ کے طور پر ہوگئی اور انہوں نے میوزک کی دنیا میں الگ پہچان بنائی۔

دستاویزی فلموں، ٹی وی سیریز اور ریئلٹی شوز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی کارڈی بی نے پہلا میوزک ایلبم (انیویشن آف پرائیویسی) 2018 میں ریلیز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ کارڈی بی پر ڈانس کلب کی ویٹرس پر تشدد کا الزام

اگرچہ کارڈی بی نے تاحال ایک ہی میوزک ایلبم ریلیز کیا ہے تاہم وہ درجنوں سنگل گانے ریلیز کر چکی ہیں اور ان کے کئی معروف گانے فلموں میں بھی شامل کیے جا چکے ہیں۔

گلوکارہ نے تین سال قبل شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
گلوکارہ نے تین سال قبل شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

شاندار گانوں کی وجہ سے ایمی اور گریمی ایوارڈز جیتنے والی کارڈی بی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔

کارڈی بی کے ہاں 2 سال قبل ہی پہلی بچی کی پیدائش ہوئی تھی اور بیٹی کی پیدائش کے بعد ہی ان کے اور شوہر کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کی خبریں سامنے آنے لگی تھیں۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ گلوکارہ نے طلاق کے لیے عدالت میں درخوست دائر کردی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کارڈی بی نے امریکی ریاست جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی کی فیملی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی، جس پر پہلی سماعت 4 نومبر کو ہوگی۔

گلوکارہ کے شوہر آف سیٹ نے طلاق کے معاملے پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ کے شوہر آف سیٹ نے طلاق کے معاملے پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ یا اس کے ترجمان نے طلاق کی درخواست دائر کرنے پر کوئی واضح مؤقف نہیں دیا تاہم رپورٹس کے مطابق گلوکارہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی شادی تقریبا اختتام پذیر ہوچکی ہے۔

اسکائے نیوز نے اسی حوالے سے بتایا کہ کارڈی بی نے طلاق کی درخواست میں عدالت سے بیٹی کی تحویل کی بھی درخواست کی ہے۔

مزید پڑھیں: جھوٹ نہیں بول رہی، جنسی ہراساں کیا گیا تھا، کار ڈی بی

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جوڑے کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے علیحدگی ہے اور ان کی شادی تقریبا ختم ہوچکی ہے۔

دوسری جانب طلاق کی خبریں سامنے آنے پر کارڈی بی کے شوہر آف سیٹ نے بھی کوئی رد عمل نہیں دیا۔

28 سالہ آف سیٹ کا تعلق بھی ریاست جارجیا سے ہے اور وہ بھی معروف گلوکار ہیں۔

گلوکارہ کو دو سالہ بیٹی بھی ہیں—فائل فوٹو: اسکائے نیوز
گلوکارہ کو دو سالہ بیٹی بھی ہیں—فائل فوٹو: اسکائے نیوز

تبصرے (0) بند ہیں