ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے فوجی جوان شہید

27 ستمبر 2020
34 سالہ نائیک دلفراز کا تعلق مظفر آباد کے گاؤں پنج کوٹ سے تھا، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
34 سالہ نائیک دلفراز کا تعلق مظفر آباد کے گاؤں پنج کوٹ سے تھا، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے کوٹ کوٹیرا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا موثر جواب دیا اور بھارتی فوجی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس سے اسے جانی و مالی نقصان ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مظفر آباد کے گاؤں پنج کوٹ سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ نائیک دلفراز شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

واضح رہے کہ 23 ستمبر کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر دیوا سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس پر پاک فوج نے انہیں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فائرنگ شروع کرنے والی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

پاکستانی افواج کے منہ توڑ جوابی فائرنگ سے بھارتی چوکیوں اور نفری کو نقصان پہنچنے کی رپورٹس موصول ہوئی تھیں۔

بھارت کی جانب سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 29 سالہ سپاہی نورالحسن اور 25 سالہ سپاہی وسیم علی نے جام شہادت نوش کیا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر فائرنگ سے 3 شہری زخمی، بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

خیال رہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے اور صرف سال 2020 میں بھارتی فوج 2 ہزار 340 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں