اپوزیشن استعفے دے گی تو نئے انتخابات کرائیں گے، شبلی فراز

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2020
شبلی فراز نے کہا کہ شریف خاندان میں چپقلشیں جاری ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
شبلی فراز نے کہا کہ شریف خاندان میں چپقلشیں جاری ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے ڈیل کے چکروں میں ہیں اور مسلسل رابطوں کی کوشش کررہے ہیں اور اگر اپوزیشن استعفے دے گی تو نئے انتخابات کرائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے انتخابات کی صورت میں بھی تحریک انصاف دوبارہ اکثریت حاصل کرے گی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کو باہر بھیج کر ہم سے غلطی ہوگئی، وزیراعظم

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کو ملکی ترقی برداشت نہیں ہورہی اسی لیے جمہوری یا غیر جمہوری طریقے سے حکومت کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان اپنے مقصد کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔

شبلی فراز نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے اس بیان کی توثیق کی کہ مسلم لیگ (ن) میں سے (ش) الگ ہورہی ہے اور شریف خاندان میں چپقلشیں جاری ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ 'شیخ رشید کی ان باتوں میں صداقت اور وزن ہے' اور مسلم لیگ (ن) کئی حصوں میں دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) کے رہنما اپنا بیانیہ بدلیں یا رات کو 3 بجے تنظیم سازی کریں، اب اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا'۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی زندگی اور صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، مسلم لیگ(ن)

فیصل آباد میں تنظیم سازی سے متعلق سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا تاہم ان کے اپنے کوئی ذرائع نہیں ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن کی اربوں مالیت کی مبینہ جائیداد کے انکشافات سے متعلق سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ 'اس طرح وزیراعظم عمران خان کے مؤقف کی تائید ہوتی ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے سیاست کا رخ اختیار کیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف مفرور قرار دیے جا چکے ہیں جنہیں بیرون ملک سے بیٹھ کر سیاست کا داعی بننے کے بجائے ملک کر اپنے اوپر عائد الزامات کا سامنا کرنا چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں