امریکی کامیڈی شو میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے ذکر پر کرکٹ شائقین خوش

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2020
اینیمیٹڈ کامیڈی شو 'فیملی گائے' کے 19 ویں سیزن کے آغاز میں  پاکستانی کرکٹ شائقین کا حوالہ دیا گیا— فوٹو: اسکرین شاٹ
اینیمیٹڈ کامیڈی شو 'فیملی گائے' کے 19 ویں سیزن کے آغاز میں پاکستانی کرکٹ شائقین کا حوالہ دیا گیا— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) جہاں ملک میں مقامی و بین الاقوامی کرکٹ کو فروغ کے باعث بنی ہے وہیں پی ایس ایل کے میچز کے دوران مداح اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حمایت میں نوک جھونک کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

پی ایس ایل کہیں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچز میں مداح ایک دوسرے کے ساتھ نوک جھونک کرتے دکھائی دیتے تھے تو کبھی کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مداحوں کے درمیان ایسا دکھائی دیتا تھا۔

رواں برس عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کے کچھ میچز منسوخ ہوگئے تھے تاہم جب بھی پاکستان سپر لیگ کا ذکر آتا ہے تو کرکٹ فینز پرجوش ہوجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل ٹکٹوں کی رقم واپسی کا شیڈول جاری

حال ہی میں ایک امریکی اینیمیٹڈ کامیڈی شو 'فیملی گائے' کے 19 ویں سیزن کے آغاز میں پاکستانی کرکٹ شائقین کا حوالہ دیا گیا۔

فیملی گائے کے نئے سیزن کی قسط کے آغاز میں اینیمیٹڈ شو کے مرکزی کردار پیٹر گریفین اور ان کے ساتھیوں کو ایک بار میں بین الاقوامی کھیلوں کے مداحوں سے متعلق بات چیت کرتے دکھایا گیا۔

قسط میں پیٹر گریفین کے دوست گلین کواگمیر نے ' ہفتے کی صبحیں بیکار ہے، کھیلوں کے غیر ملکی مداح عجیب ہیں جیسے پاکستانی کرکٹ کے۔

انہوں نے خاص طور پر سبز شرٹ پہنے لاہور قلندرز کے 2 حامیوں کو بھی دکھایا جو 'لاہور' کہتے ہیں اور انہوں نے سوڈا کینز تھامے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ: 14 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل سے دستبردار

جن میں سے ایک کہتا ہے کہ اگر آپ لاہور کی حمایت نہیں کرتے تو برائے کرم چلے جائیں جبکہ دوسرا کہتا ہے کہ ' عزیز دوستوں لاہور کرکٹرز بہترین ہوتے ہیں اور دیگر نہیں ہوتے'۔

دوسری جانب اسی کامیڈی شو کا ایک اہم کردار جوئے سوانسن جنہوں نے کراچی کنگز کی ٹی شرٹ پہنی ہوتی ہے وہ اسے تیزی سے کور کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں کراچی کی حمایت کررہا ہوں لیکن اس حوالے سے میری آخری خواہش نہیں ہے۔

اکثر صارفین نے اس اینیمیٹڈ شو میں کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے ذکر پر خوشی کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ گلین کواگمیر کراچی اور لاہور کی کرکٹ دشمنی پر بات کریں گے۔

الیاس نجیب نے نئے سیزن میں پی ایس ایل کے ذکر پر شو کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ اس ٹی وی پروگرام میں پاکستان کا ذکر دیکھنا حیرت انگیز ہے۔

کچھ صارفین نے تو یہ بھی کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو اب بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جارہا ہے۔

علی چیمہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے بڑی توثیق ہے۔

تاہم کچھ صارفین کی جانب سے اس کامیڈی شو میں لب و لہجے پر اعتراض کیا گیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ اگر امریکی سوچتےہیں کہ پاکستانی عوام اس طرح انگریزی بولتے ہیں تو میں کہنا چاہتی ہوں کہ آپ نے درست تحقیق نہیں کی۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستانی کرداروں کے لیے پاکستانی لوگ شامل کریں اور ہمارا لہجہ بھارتیوں جیسا نہیں۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ پی ایس ایل کا ذکر اچھا لگا لیکن انہیں بھی لہجہ پسند نہیں آیا۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ دوسرا لاہوری شخص لاہور قلندرز کے رانا صاحب جیسا لگ رہا۔

اور اسی شو کے حوالے سے ٹوئٹر پر کراچی اور لاہور کی نوک جھونک پھر شروع ہوگئی۔

ٹوئٹر صارف نے کہا کہ کارٹون میں بھی کراچی کا لب و لہجہ لاہوریوں سے بہتر ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ لب و لہجے کا مسئلہ چھوڑ کر یہ یقینی طور پر ایک بہتری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں